لوک سبھا چناؤ سے قبل ماحول بگاڑنے کی کوشش، سی پی آئی قومی سکریٹری عزیز پاشاہ کا بیان
حیدرآباد۔/2 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری اور سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ نے جئے پور۔ ممبئی ٹرین واقعہ اور ہریانہ میں فرقہ وارانہ فسادات کو ملک کیلئے انتہائی شرمناک قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی ملک بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کا ماحول پیدا کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ ٹرین میں آر پی ایف کانسٹبل کی جانب سے فائرنگ میں 4 افراد کی ہلاکت کے واقعہ سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے حملہ آور کانسٹبل کو ذہنی طور پر معذور قرار دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ٹرین میں 3 مسلم مسافرین کی لباس اور داڑھی کے ذریعہ شناخت کرتے ہوئے فائرنگ کرنا اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ حملہ آور نے منصوبہ بندی کے ساتھ یہ کارروائی کی ہے۔ حملہ آور نے فائرنگ کے بعد نہ صرف پاکستان کا حوالہ دیا بلکہ ہندوستان میں رہنا ہو تو مودی اور یوگی کو ووٹ دینے کی بات کہی۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کے ہاتھوں میں پولیس کانسٹبل آلہ کار دکھائی دے رہا ہے۔ سپریم کورٹ نے نفرت کی سیاست کے خلاف ریاستوں کو سخت انتباہ دیتے ہوئے اپنے طور پر کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عزیز پاشاہ نے ہریانہ میں گرگاوں اور نوہ علاقوں میں فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات اور مسلمانوں کو نشانہ بنانے پر سخت ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ فرقہ پرستوں کو مسلم علاقوں سے ہتھیاروں کے ساتھ جلوس نکالنے کی اجازت دی گئی ہے۔ حملہ آوروں نے منصوبہ بند طریقہ سے نہ صرف مسجد کے امام کو قتل کیا بلکہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات اور لوک سبھا انتخابات سے قبل آر ایس ایس و بی جے پی نفرت کے ماحول کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ گودی میڈیا نے مہادیو مندر میں ہزاروں افراد کے پھنسے ہونے سے متعلق گمراہ کن رپورٹنگ کی تاکہ اکثریتی طبقہ کو مشتعل کیا جائے۔ عزیز پاشاہ نے دو مسلم نوجوانوں کے قتل کے ذمہ دار مونو مانیسر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جو ناصر اور جنید کی ہلاکت کا ذمہ دار ہے۔ پولیس آج تک اسے گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ عزیز پاشاہ نے مرکزی وزیر راؤ اندرجیت سنگھ کے بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا کہ نوہ ایک انتہائی پرامن علاقہ ہے اور گذشتہ 75 برسوں میں فرقہ وارانہ کشیدگی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ ہر سیکولر اور جمہوریت پسند شخص کو آر ایس ایس اور بی جے پی کے منصوبہ کو بے نقاب کرنے کیلئے متحد ہوکر احتجاج منظم کرنا چاہیئے۔