حیدرآباد14۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہاکہ تلنگانہ میں سرسبزی و شادابی میں اضافہ کیلئے حکومت کی جانب سے قائم کردہ ہریتا ندھی پر یکم اپریل سے عمل کیا جائے گا۔ عوامی نمائندے اور سرکاری ملازمین اپنی تنخواہ میں سے کچھ رقم بطور عطیہ پیش کریں گے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ماہ مئی سے عطیہ کی یہ رقم ملازمین کی تنخواہوں سے منہا کرلی جائے گی ۔ وزیر فینانس نے اس سلسلہ میں آج ریاستی وزراء اور عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہریتا ندھی فنڈ کا قیام تاریخی اقدام ہے۔ اس فنڈ میں جمع ہونے والی رقم نرسری کے فروغ اور شجرکاری میں اضافہ پر خرچ کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے ہریتا سنکلپ کو کامیاب بنانے کیلئے ہر کسی کو اپنی حصہ داری ادا کرنی چاہئے ۔ تلنگانہ میں شجرکاری دیگر ریاستوں کیلئے مثالی بن چکی ہے۔ ہریتا ہرم پروگرام ریاست بھر میں جاری ہیں۔ر