عوامی نمائندوں ، سرکاری ملازمین ، سیول سرویس عہدیداروں اور طلبہ سے عطیات کی وصولی
حیدرآباد۔یکم ۔اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں سرسبزی شادابی میں اضافہ کیلئے شروع کردہ ہریتا ہرم پروگرام کیلئے تلنگانہ گرین فنڈ کے قیام کا اعلان کیا۔ اس فنڈ کے تحت ہر شہری کو عطیات دینے کی گنجائش رکھی جارہی ہیں۔ تلنگانہ اسمبلی میں ہریتا ہرم پروگرام پر مختصر مباحث کا جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ہریتا ہرم کے تحت شجرکاری کا کام کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو مزید بہتر بنانے کیلئے تلنگانہ گرین فنڈ کے قیام کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ فنڈس کے ذریعہ مستقبل میں بھی اس پروگرام کو جاری رکھنے میں مدد ملے گی ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ فنڈ کے سلسلہ میں انہوں نے ریاست میں برسر خدمت آئی اے ایس عہدیداروں سے بات چیت کی ۔ انہوں نے ہر ماہ اپنی تنخواہ سے گرین فنڈ میں 100 روپئے عطیہ دینے سے اتفاق کیا ہے۔ آئی پی ایس اور آئی ایس ایف عہدیداروں نے بھی تنخواہ سے 100 روپئے دینے سے اتفاق کیا ۔ چیف منسٹر نے سیول سرویس عہدیداروں سے اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کے سرکاری ملازمین گرین فنڈ میں ہر ماہ 25 روپئے کا عطیہ دینے پر راضی ہوچکے ہیں۔ ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان کونسل سے ہر ماہ 500 روپئے عطیہ دینے کی خواہش کی گئی ہے۔ ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ اسمبلی و کونسل نے 500 روپئے عطیہ دینے سے اتفاق کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے دیگر پارٹیوں کے ارکان اسمبلی سے گرین فنڈ میں عطیات کی اپیل کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر پارٹیاں بھی اس تجویز سے اتفاق کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ لائسنس کے رینیول کے موقع پر ہر شخص کو ایک ہزار روپئے گرین فنڈ کے تحت جمع کرنے ہوں گے ۔ اراضیات کی خرید و فروخت کے موقع پر ہر رجسٹریشن کے وقت گرین فنڈ میں 50 روپئے وصول کئے جائیں گے۔ طلبہ کو شجرکاری مہم میں شامل کرنے اور ان میں شجرکاری کا جذبہ پیدا کرنے کیلئے مہم سے جوڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس کے تحت اسکول اور کالجس کے طلبہ سے فنڈس حاصل کیا جائے گا۔ پرائمری اسکولی طلبہ سالانہ پانچ روپئے ، ہائی اسکول طلبہ 15 روپئے، انٹرمیڈیٹ طلبہ 25 روپئے ، ڈگری طلبہ 50 روپئے اور پیشہ ورانہ کورسس کے طلبہ 100 روپئے گرین فنڈ میں جمع کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ نے تلنگانہ کے ہریتا ہرم پروگرام کی ستائش کی ہے۔ دیگر ریاستوں کے لئے یہ پروگرام مثالی بن چکا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گرین فنڈس کے ذریعہ شجرکاری کے کام میں مزید وسعت پیدا کرتے ہوئے بہتر نتائج کی امید کی جاسکتی ہے ۔ مجلس کے فلور لیڈر اکبر اویسی نے پارٹی ارکان اسمبلی کی جانب سے گرین فنڈ کے تحت عطیہ دینے سے اتفاق کیا ۔ ر