ریونت ریڈی دہلی میں صبح کانگریس اور رات میں بی جے پی قائدین کے پاؤں پکڑتے ہیں
حیدرآباد ۔ 11 جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ ہریش راؤ کوئی عام لیڈر نہیں ہے بلکہ پارٹی کے سربراہ کے سی آر کے تیار کردہ وہ سپاہی ہیں جو آج سے نہیں بلکہ پارٹی کی تشکیل سے پہلے سے ایک حفاظتی ڈھال کی طرح سابق چیف منسٹر کے سی آر کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ آج تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ہریش راؤ کے بارے میں طویل عرصے سے جھوٹی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں جبکہ وہ خود اب تک ایک بار نہیں بلکہ سینکڑوں بار واضح کرچکے ہیں کہ ان کیلئے کردار اور وفاداری سب سے اہم ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مخاطب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ میں تم جیسا نہیں ہوں۔ ریونت ریڈی نے اب تک سیاسی فائدے کیلئے چار پارٹیاں تبدیل کی ہیں۔ تم کس منہ سے وفاداری اور پارٹی بدلنے کی باتیں کرسکتے ہو؟ انہوں نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک اور ریاست میں اگر کسی لیڈر کے کردار کی جانچ کرنے کی ضرورت ہے تو وہ صرف اور صرف ریونت ریڈی ہیں کیونکہ بی آر ایس قائدین کو ان کی طرح لالچی ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ کے ٹی آر نے ریونت ریڈی کے دہلی دوروں پر سنگین سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب ریونت ریڈی جاتے ہیں تو وہ وہاں کیا کرتے ہیں۔ یہ بات مجھے اور میڈیا کے تمام دوستوں کو اچھی طرح معلوم ہے لیکن ریونت ریڈی اسے بتاتے ہوئے شرماتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریونت ریڈی کا دوہرا کردار ہے۔ وہ صبح کے وقت کانگریس کے ساتھ رہنے کا ڈرامہ کرتے ہیں اور رات کے اندھیرے میں جاکر بی جے پی قائدین کے پاؤں پکڑ لیتے ہیں۔ 2