ہریش راؤ نے نیلوفر ہاسپٹل میں 100 آئی سی یو بیڈس کا افتتاح کیا

   

محکمہ صحت کو مستحکم کرنے کیلئے 10 ہزار کروڑ روپئے خرچ کرنے کا اعلان، وزیرصحت کا پہلا دورہ

حیدرآباد ۔ 13 نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیرصحت ٹی ہریش راؤ نے آج نیلوفر ہاسپٹل میں 100 بیڈس پر مشتمل آئی سی یو وارڈ کا افتتاح کیا۔ 10 ہزار کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے محکمہ صحت کو ترقی دینے کا اعلان کیا۔ وزارت صحت کی زائد ذمہ داری قبول کرنے کے بعد ہریش راؤ پہلے شہر حیدرآباد کے نیلوفر ہاسپٹل کا دورہ کیا۔ ہاسپٹل میں بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی امداد کا جائزہ لیا۔ وقت پر کھانا کی دستیابی پر بچوں کے والدین سے دریافت کیا۔ بعدازاں ایک اجلاس سے خطاب کیا اور کہا کہ تلنگانہ حکومت ہر بیڈ کو آکسیجن کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ ذاتی طور پر آکسیجن پیدا کرنے کیلئے آکسیجن جنریشن پلانٹس قائم کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر محکمہ صحت کو مستحکم بنانے کیلئے کافی سنجیدہ ہے۔ اس کیلئے 10 ہزار کروڑ روپئے خرچ کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ کورونا کی تیسری لہر کے اندیشوں کے دوران بچوں کی صحت پر خصوصی توجہ دینے کیلئے500 بیڈس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے اس کیلئے 133 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ 33 کروڑ روپئے کے مصارف سے نیلوفر ہاسپٹل میں مزید 80 بیڈس بہت جلد دستیاب ہوجائیں گے۔ کے سی آر کٹس اسکیم کو متعارف کرانے کے بعد سرکاری ہاسپٹلس میں ڈیلوریز (زچگی) کرانے کا رجحان بڑھ گیا ہے۔ ساتھ ہی زچہ و بچہ کی شرح اموات بھی گھٹ گئی ہے۔ شہر کے چاروں طرف چار بڑے میڈیکل ٹاورس تعمیر کئے جارہے ہیں۔
بہت جلد مزید 8 نئے میڈیکل کالجس قائم ہوجائیں گے۔ وزیرصحت نے ڈاکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ طبی امداد پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے سرکاری ہاسپٹلس پر عوام کے اعتماد کو مزید بڑھانے میں حکومت سے تعاون کریں۔ ن