ہریش راؤ کی قیادت میں سدی پیٹ ترقی کی سمت گامزن

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ کے دوسرے حج ہاوز کی افتتاحی تقریب سے ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی اور دیگر کا خطاب
٭٭ اوقافی جائیدادوں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری
٭٭ ہریش راؤکے جذبہ خدمت کی ستائش: مفتی خلیل احمد

سدی پیٹ۔/24 جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس واحد پارٹی ہے جو سیکولر پارٹی کے نام سے جانی جاتی ہے۔چندر شیکھر راؤ سیکولر ذہن رکھنے والے چیف منسٹر ہیں جو ہر طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج سدی پیٹ میں 3کروڑ 25 لاکھ روپئے کی لاگت سے تعمیر کردہ حج ہاوز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ کا آغاز قاری محمد کریم پٹیل کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ جناب محمد محمود علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں حیدرآباد کے بعد سدی پیٹ واحد ضلع ہے جہاں پر حج ہاوز تعمیر کیا گیا ہے۔ جبکہ تعمیر میں سابق وزیر و رکن اسمبلی ہریش راؤ کا اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر کے ہر ضلع میں حج ہاوز تعمیر کروانے کا چیف منسٹر کے سی آر عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ہریش راؤ عہدہ کی پرواہ نہیں کرتے ، عہدہ رہے چاہے نہ رہے عوام کی خدمت کرنا ہی ان کا نصب العین ہے۔ ہریش راؤ حرکیاتی قائد ہیں جو 24 گھنٹے میں 18 گھنٹے کام کرتے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہریش راؤ کی قیادت میں سدی پیٹ بڑی تیزی سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ حضرت مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سدی پیٹ میں جو حج ہاوز کی عمارت بنائی گئی ہے اس کا تعلق دنیا سے نہیں بلکہ آخرت سے ہے۔ انہوں نے بھی ہریش راؤ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خدمت کیلئے عہدہ کی ضرورت نہیں ہے، خدمت خلق ایک محبت اور انسانیت کا جذبہ ہے ۔

اس موقع پر مفتی خلیل احمد نے کہا کہ مسلمانوں کی اوقافی جائیدادیں غیروں کے قبضہ میں چلی جارہی ہیں ان کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے سعادت حج کیلئے جانے والے تمام حاجیوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کروانے کی بھی اپیل کی۔ بعد ازاں سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سدی پیٹ میں سابق سے اب تک ہندو مسلم بھائی چارہ اور قومی یکجہتی کا ثبوت ملتا ہے۔ سب سے پہلے مسلمانوں کا شادی خانہ حکومت کی جانب سے سدی پیٹ میں ہی بنایا گیا۔ اقبال مینار اور حج ہاوز بھی سب سے پہلے سدی پیٹ میں ہی تعمیر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاوز میں مسلمانوں سے متعلق جتنے سرکاری دفاتر ہیں تمام کو ایک ہی جگہ پر لاکر عوام کو سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ مزید انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی رہنمائی کرنے کیلئے حج ہاؤز میں حکومت کی جانب سے یا اپنی خود کی ذاتی تنخواہ سے ایک آفیسر کو مقرر کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ ریاستی امیر جماعت اسلامی ہند حامد محمد خاں نے مخاطب کرتے ہوئے حج کو روانہ ہونے والے تمام حضرات کو مبارکباد پیش کی اور حج ہاوز کی تعمیر میں اہم رول ادا کرنے والے ہریش راؤ کی خوب ستائش کی۔ رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین نے جلسہ کی قیادت سنبھالی اور دور دراز سے آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ حج ہاوز کا افتتاح شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مفکر اسلام حضرت مولانا مفتی محمد خلیل احمد کے ہاتھوں عمل میں آیا۔حضرت مولانا سید شاہ محمد قبول بادشاہ شطاری حسنی الحسینی نے بھی اپنے خطاب میں سابق ریاستی وزیر ہریش راؤ کو حج ہاؤزکی تعمیر میں حصہ لینے پر مبارکبادپیش کی ۔ اسی طرح مزید کاموں میں حصہ لینے کی تلقین کی۔ اس موقع پر حج کو روانہ ہونے والے تمام عازمین کی گلپوشی انجام دی گئی۔ اس پروگرام میں حج کمیٹی ریاستی صدر محمد مسیح اللہ خان، عبدالقادر رکن حج کمیٹی، غوث محی الدین صدر تنظیم المساجد سدی پیٹ، اطہر پٹیل نائب صدر نشین بلدیہ، محمد یوسف الدین حج سوسائٹی صدر نظام الدین، عبدالسلیم ، وزیر، جاوید، معز، ارکان بلدیہ راج نرسو، صدر نشین بلدیہ و دیگر سیاسی و سماجی قائدین موجود تھے۔