ہر بیٹی کیلئے عزت نفس پہلے‘ تمغہ یا اعزاز بعد میں: راہول گاندھی

   

ونیش پھوگاٹ ایوارڈ واپسی‘ پر کانگریس قائد کا باہوبلی’ وزیر اعظم کی بے حسی پر طنز
نئی دہلی :کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر پہلوان ونیش پھوگاٹ کے کھیل رتن اور ارجن ایوارڈز واپس کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عزت نفس سب سے پہلے “ملک کی ہر بیٹی کیلئے آتی ہے اور کوئی دوسرا تمغہ یا اعزاز اس کے بعد آتا ہے۔ راہول گاندھی نے ڈبلیو ایف آئی کے تنازعہ اور پہلوانوں کے اپنے ایوارڈ واپس کرنے کے فیصلے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو شدید طنز کا نشانہ بنایا۔راہول گاندھی نے اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی پر دو بار عالمی چیمپئن شپ میں تمغہ جیتنے والی ونیش پھوگاٹ کے کھیل رتن اور ارجن ایوارڈز واپس کرنے کے فیصلے پر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ یہ اقدام ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سابق سربراہ اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ سے متعلق تنازعہ کے درمیان سامنے آیا۔ ہفتہ کے روز ونیش پھوگٹ نے اپنے ارجن اور کھیل رتن ایوارڈز کو اس وقت دہلی میں کرتاویہ پاتھ کے فٹ پاتھ پر چھوڑ دیا جب پولیس نے ان کو وزیر اعظم مودی کی رہائش گاہ جانے سے روک دیا تھا۔ انہوں نے برج بھوشن سنگھ کے معاون سنجے سنگھ کے WFI صدر کے طور پر انتخاب پر احتجاج کے طور پر اپنے ایوارڈز واپس کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایک ٹویٹ میں راہول گاندھی نے کہا کہ ہر بیٹی کیلئے عزت نفس سب سے پہلے ‘ ملک اور کوئی اور تمغہ یا اعزاز اس کے بعد آتا ہے۔کیا آج ایک ‘اعلان شدہ باہوبلی’ سے ملنے والے ‘سیاسی فائدے’ کی قیمت ان بہادر بیٹیوں کے آنسوؤں سے زیادہ ہو گئی؟ وزیر اعظم قوم کے محافظ ہیں اور ان کی طرف سے ایسی بے حسی دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔ ونیش پھوگاٹ نے ایک خط میں کہا تھا کہ وہ اپنے ارجن اور کھیل رتن ایوارڈز واپس کر دیں گی ۔ انہوں نے خاتون پہلوانوں کو انصاف نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کیا ۔ یہ اس وقت سامنے آیا جب ونیش پھوگٹ، ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا سمیت چوٹی کے پہلوانوں نے برج بھوشن سنگھ کے خلاف کئی مہینوں تک جاری رہنے والے احتجاج کی قیادت کی جب کئی خواتین پہلوانوں نے WFI کے سابق سربراہ پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا۔پھوگاٹ کا یہ فیصلہ اولمپک میڈلسٹ بجرنگ پونیا اور ڈیف اولمپکس چیمپئن وریندر سنگھ یادو کے پدم شری ایوارڈز واپس کرنے کے چند دن بعد آیا ہے۔ قبل ازیں چہارشنبہ کو راہول گاندھی نے ہریانہ کے جھجر ضلع میں ایک ‘اکھاڑہ’ کا اچانک دورہ کیا تھا ۔
اور اس تنازعہ کے درمیان بجرنگ پونیا سمیت پہلوانوں کے ایک گروپ سے ملاقات کی۔ضلع کے ہریانہ کانگریس کے ایک سینئر لیڈر نے بتایا کہ گاندھی صبح سویرے چھارا گاؤں کے ‘ویریندر اکھاڑہ’ پہنچے اور پہلوانوں سے بات چیت کی۔