حجاج کرام کو 10 لیٹر زم زم کی سفارش، ممبئی اجلاس کی قراردادیں
حیدرآباد ۔22۔ اگست (سیاست نیوز) حج 2025 میں ہندوستانی عازمین حج کو دشواریوں سے بچانے کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا نے مرکزی حکومت کو اہم سفارشات پیش کی ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے ممبئی میں ریاستی حج کمیٹیوں کے اگزیکیٹیو آفیسر کے اجلاس میں 14 مختلف قراردادیں منظور کی گئیں جن میں عازمین حج کی سعودی عرب میں رہائش ، ٹرانسپورٹ اور دیگر امور کے بارے میں مرکزی حکومت کی توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔ اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ مکہ مکرمہ میں رہائشی عمارتیں ہر ریاست کیلئے علحدہ الاٹ کی جائیں اور ہر ریاست کے تمام عازمین کیلئے ایک ہی عمارت کا انتخاب کیا جائے۔ ایسی عمارتیں جہاں لفٹ میں چیانل ڈورس ہوں، انہیں رہائش کیلئے منتخب نہ کیا جائے۔ سعودی عرب میں حج کمیٹی آف انڈیا کا کنٹرول روم قائم کیا جائے۔ مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور ایام حج کے مقامات پر کنٹرول روم قائم کیا جانا چاہئے جس میں مختلف ریاستوں کے والینٹرس کو مامور کیا جائے۔ اجلاس میں مرکز سے درخواست کی گئی کہ ہر حاجی کو 10 لیٹر زم زم حوالہ کیا جائے۔ ریاستی حج کمیٹیوں کو فی کس 50 اضافی زم زم کیانس سربراہ کیے جائیں۔ ریاستی حج کمیٹیوں کو حج مصارف کی تکمیل کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا 60 فیصد حصہ داری ادا کرے۔ اجلاس میں تشویش پیش کی گئی کہ بزنس کلاس ، این آر آئیز اور ورکنگ پروفیشنلس کو 20 دن کے ایام پر مشتمل مدت کا تعین کیا جائے۔ حج کمیٹی آف انڈیا اپنا کوچنگ اور گائیڈنس سیل فوری طور پر بحال کریں جہاں نیٹ ، JEE اور دیگر مسابقتی امتحانات کی کوچنگ کا انتظام کیا جائے۔ اورنگ آباد ، منگلور ، رائے پور اور رانچی امبارکیشن پوائنٹس کی بحالی اور دربھنگہ میں نیا امبارکیشن پوائنٹ قائم کرنے کی اپیل کی گئی۔ ریاستوں کے اگزیکیٹیو آفیسر نے ملک بھر کیلئے یکساں فضائی کرائے کی سفارش کی ہے۔ 1