حکومت تلنگانہ کا فیصلہ ۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے احکامات جاری کئے
حیدرآباد۔/27 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ایک اور اہم فیصلہ کرتے ہوئے سماج کے تمام طبقات کو برابری اور با اختیار بنانے کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرنے کیلئے ہر سال 4 فروری کو ’’ یوم تلنگانہ سماجی انصاف ‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے اس سلسلہ میں جمعرات کو احکامات جاری کئے۔ ہر سال 4 فروری کو ریاست بھر میں سرکاری تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ شعور بیداری پروگرامس، لکچرس اور ثقافتی پروگرامس بھی منعقد کئے جائیں گے جس میں سماجی انصاف کیلئے ریاست کے عزم پر زور دیا جائے گا جس میں ایوارڈس کے علاوہ فلاحی کیمپس کا بھی خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔ ان پروگرامس کے انعقاد کیلئے محکمہ پسماندہ طبقات نوڈل ایجنسی کے طور پر کام کرے گا۔ ریاست میں کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد 4 فروری 2024 کو کابینہ کے اجلاس میں ذات پات کی مردم شماری کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔4 فروری 2025 کو اسمبلی میں ذات پات کی مردم شماری پر مباحث بھی ہوئے جس کے تناظر میں ایک جی او بھی جاری کیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری نے تمام محکمہ جات کو حکم دیا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کریں۔2