ہر شئے میں برائی دیکھنے والوں کو عوام نے مسترد کردیا : امیت شاہ

,

   

انتخابی نتائج نے ثابت کردیا کہ ملک کے عوام مودی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر داخلہ کا خطاب
دھورڈو ( گجرات ) وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج کہا کہ بہار ‘ گجرات اور دوسری ریاستوں میں جہاں حال میں انتخابات ہوئے تھے وہاں عوام نے ایسے قائدین کو مسترد کردیا ہے جنہیں ہر شئے میں خامی نظر آتی تھی ۔ امیت شاہ نے کہا کہ عوام نے یہ پیام دیا ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی قائدین اور جماعتوںکو ہر شئے میں خرابی نظر آتی ہے اور وہ شکوک کا اظہار کرتے ہیں۔ انہیں ہر اس شئے میں خرابی دیکھنے کی عادت بن گئی ہے جس میں عوام کی بہتری ہوتی ہے ۔ وہ یہاں ایک وکاس اتسو میں خطاب کر رہے تھے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ ایسے قائدین بہت زیادہ بولتے ہیں کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ بار بار جھوٹ بولنے سے اسے سچ کے طور پر قبول کرلیا جائیگا ۔ تاہم عوام اب زیادہ باشعور ہوگئے ہیں کیونکہ حکومت کی اسکیمات کے فوائد گاووں تک اور عوام کی دہلیز تک پہونچ رہے ہیں۔ سرکاری اسکیمات اب صرف کاغذ یا سیکریٹریٹ تک محدود نہیں رہ گئی ہیں۔ کچھ لوگوں نے کورونا وائرس سے نمٹنے ملک کی تیاری پر ‘ دفعہ 370 کی تنسیخ پر اور رام مندر کی تعمیر پر بھی شکوک و شبہات ظاہر کئے تھے ۔ کچھ لوگوں نے ہر چیز میں منفی رائے رکھتے ہوئے نراج جیسی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی تھی ۔ جن جماعتوں اور قائدین کو ہر شئے میں خرابی نظر آتی تھی ان کا حالیہ بہار ‘ گجرات ‘ مدھیہ پردیش ‘ اترپردیش ‘ کرناٹک ‘ لیہہ ۔ لداخ ‘ تلنگانہ اور منی پور میں ہوئے انتخابات میں عوام نے پوری طرح سے صفایا کردیا ہے اور یہاں کے عوام نے بی جے پی کا انتخاب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے 135 کروڑ عوام نے ان قائدین اور جماعتوں اور ساری دنیا کو یہ پیام دیا ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے ہر اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔ انتخابی نتائج سے مودی حکومت میں عوامی حمایت کا اظہار ہوتا ہے ۔