ہر ضلع میں کوویڈ کیر سنٹرس 5 ہزار بستر فراہم کرنے اے پی حکومت کے اقدامات

   

حیدرآباد: حکومت اے پی ریاست کے ہر ضلع میں کوویڈ کیر سنٹرس کے لئے 5000بستر فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے ۔کوویڈ19ٹاسک فورس کمیٹی کے صدرنشین ایم ٹی کرشنا بابو نے کہا کہ موجودہ طورپر ریاست کے کوویڈ کیر سنٹرس میں 46,198 بستر دستیاب ہیں۔ مشرقی گوداوری، مغربی گوداوری اور چتور اضلاع میں پہلے ہی پانچ ہزار بستروں کی گنجائش ہوگئی ہے جبکہ مابقی اضلاع کو بھی زائد بستروں کی تعداد سے لیس کیاجائے گا۔جوائنٹ کلکٹر ڈیولپمنٹ ان مراکز کی نگرانی کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی نے تفصیلی طورپر اس مسئلہ کاجائزہ لیا اور 1902ہیلپ لائن کے ذریعہ عوام کے استفسارات کے جوابات دینے کیلئے خصوصی ڈیویثرن فراہم کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہاکہ یہ ٹال فری نمبرہوگاجس کے ذریعہ عوام سے رائے لی جائے گی اور وہ غذا،سینی ٹیشن و طبی خدمات سے متعلق شکایات بھی درج کرواسکیں گے ۔انہوں نے کہاکہ تمام سنٹرس میں ٹال فری نمبر عوام کے لئے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حاصل ہونے والی شکایات کا جائزہ لیاجائے گا۔