ہر گھر میں میڈیکل ٹسٹ کو یقینی بنانے عہدیداروں کو ہدایت

,

   

ابتدائی علامات پر چوکسی ضروری، مائیگرنٹ ورکرس کے سبب کورونا کا پھیلاؤ: وزیر صحت ایٹالہ راجندر
حیدرآباد۔/14 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ای راجندر نے میڈیکل اینڈ ہیلت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ہر گھر میں میڈیکل ٹسٹ کو یقینی بنائیں تاکہ کورونا وائرس کی علامات کا پتہ چلایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی 4 علامتوں میں سے اگر کسی میں 2 علامتیں پائی جائیں تو اس کا ٹسٹ لازمی طور پر کرایا جائے۔ وزیر صحت نے آج میڈیکل اینڈ ہیلت کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں شہری اور دیہی علاقوں میں میڈیکل ٹیموں کی ذمہ داریوں سے واقف کروایا گیا۔ ویڈیو کانفرنس میں ضلع ہیلت آفیسرس، سرکاری دواخانوں کے سپرنٹنڈنٹس، پرائمری ہیلت سنٹرس کے عہدیداروں، اے این ایم اور آشا ورکرس نے حصہ لیا۔ اسپیشل چیف سکریٹری میڈیکل اینڈ ہیلت شانتی کماری، کمشنر فیملی ویلفیر ڈاکٹر یوگیتا رانا، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر رمیش ریڈی اور ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے وزیر صحت کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ عہدیداروں کی رہنمائی کی۔ وزیر صحت نے کہا کہ ریاست میں شہری اور دیہی علاقوں کے ہر گھر میں میڈیکل ٹسٹ لازمی طور پر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں کورونا وائرس کے کیسس میں اضافہ کے پیش نظر ہمیں ایک لمحہ بھی ضائع کئے بغیر مشتبہ افراد کا ٹسٹ کرنا چاہیئے۔ راجندر نے کہا کہ بخار، کھانسی، سردی اور گلے میں درد جیسی علامات کورونا کی موجودگی کا پتہ دیتی ہیں۔ ان میں سے اگر کسی میں دو علامتیں بھی پائی جائیں تو اس کا ٹسٹ لازمی طور پر کرایا جائے۔

اسی دوران وزیر صحت نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں پہلے مرحلہ میں بیرونی ممالک سے آنے والے افراد اور دوسرے مرحلہ میں نئی دہلی کے نظام الدین مرکز سے واپس ہونے والے افراد کے سبب کورونا وائرس کے واقعات منظر عام پر آئے لیکن اب مائیگرنٹ ورکرس کے نتیجہ میں کورونا پازیٹو معاملات منظر عام پر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تیسرے مرحلہ میں وائرس کیلئے مائیگرنٹ ورکرس ذمہ دار ہیں جو دیگر ریاستوں سے تلنگانہ پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں بعض رعایتوں کا اعلان کیا گیا جس کے نتیجہ میں دیگر ریاستوں سے بڑی تعداد میں مائیگرنٹ ورکرس تلنگانہ پہنچ رہے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مائیگرنٹ ورکرس پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیرونی ممالک سے واپس ہونے والے افراد کو ہوٹلوں میں کورنٹائن کیا جارہا ہے۔ ریل کے ذریعہ آنے والے افراد کے بخار کا معائنہ کرتے ہوئے ان کے ہاتھ پر ہوم کورنٹائن کا نشان لگاکر گھر روانہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہر سے آنے والے افراد کو 14 دن تک لازمی طور پر ہوم کورنٹائن کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیرونی ممالک سے تاحال 798، ٹرین سے 239 اور سڑک کے راستہ 41805 افراد تلنگانہ پہنچے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سخت چوکسی اختیار کریں۔