ہر گھر کونل سے پانی کی سربراہی میں تلنگانہ کو ملک میں نمایاں مقام

   

مرکزی حکومت کے معاشی سروے میں اعتراف، 12 شعبہ جات میں تلنگانہ کی نمایاں کارکردگی
حیدرآباد۔یکم فروری، ( سیاست نیوز) مرکزی بجٹ میں اگرچہ تلنگانہ کو نظرانداز کردیا گیا لیکن مرکز کے جاری کردہ معاشی سروے 2021-22 میں تلنگانہ ریاست کی ترقی کی ستائش کی گئی ہے۔ تلنگانہ اور ہریانہ ملک کی دو بڑی ریاستیں ہیں جو ہر گھر کو نل کے ذریعہ پانی کی سربراہی کا نشانہ مکمل کرچکی ہیں۔ تلنگانہ اور ہریانہ کے علاوہ چھوٹی ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں گوا، انڈمان و نکوبار، پوڈیچیری، دادرا و نگر حویلی اور دمن اینڈ دیپ میں گھروں کو نلوں کے ذریعہ پانی کی سربراہی کا نشانہ پورا کیا گیا۔ پارلیمنٹ میں پیش کردہ معاشی سروے کے مطابق ہندوستان میں 5.51 کروڑ مکانات کو جل جیون مشن کے تحت نل کے ذریعہ پانی کی سربراہی عمل میں لائی گئی۔ تلنگانہ نے اس نشانہ کی تکمیل کی ہے جس کیلئے مرکز کی جانب سے 2324.42 کروڑ روپئے 2021-22 بجٹ تک فراہم کئے گئے تھے جو کہ مشن بھگیرتا پروگرام کے تحت تلنگانہ حکومت کی جانب سے خرچ کردہ مجموعی رقم 45 ہزار کروڑ کا محض 6 فیصد ہے۔ معاشی سروے میں نیتی آیوگ نے تلنگانہ کی دیرپا ترقی کے نشانوں کی ستائش کی ہے اور ریاست کو ہندوستان بھر میں 69 نشانات دیئے گئے۔ 12 سے زائد زمروں میں تلنگانہ نے دیگر ریاستوں سے بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ قابل دسترس اور کلین اِنرجی کے شعبہ میں تلنگانہ کو 100 پوائنٹس حاصل ہوئے جبکہ کلین واٹر اور صحت و صفائی کے معاملہ میں 96 پوائنٹس حاصل ہوئے۔ر