ہزارہ افراد کا قتل دہشت گردی : حکومت بلوچستان

   

دشمن پڑوسی ممالک پر ملوث ہونے کا الزام: وزیر داخلہ ضیاء اللہ
کوئٹہ ۔بلوچستان کے وزیرِ داخلہ ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ مچھ میں ہزارہ برادری کے افراد کے قتل کا واقعہ سفاکانہ دہشت گردی ہے اور ان واقعات میں دشمن ہمسایہ ممالک ملوث ہیں۔ جنہیں مقامی سطح پر بھی حمایت حاصل ہے۔وائس آف امریکہ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ضیا اللہ لانگو کا کہنا تھا کہ صوبے میں دہشت گردی کے بہت سے واقعات میں غیر ملکی عناصر کو گرفتار کیا گیا ہے۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان ، افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان اوربالخصوص بلوچستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں کروا رہا ہے۔ ضیاء اللہ لانگو کہتے ہیں کہ گوادر بندرگاہ اور پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے دشمن ملک کو کھٹکتے ہیں اور دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے خطے کی ترقی کے ان منصوبوں کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان نے بلوچستان کے علاقے سے ہندوستان کے مبینہ جاسوس کلبھوشن جادھو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا اور اس پر ملک میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرانے کی پشت پناہی کا الزام لگایا تھا۔ ہندوستان ، پاکستان کے دہشت گردی کے الزامات کو مسترد کرتا آیا ہے۔