پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کی شرکت، وزیر داخلہ محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔15۔مئی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر داخلہ جناب محمود علی نے آج مزید دو نئے پولیس اسٹیشنس کا افتتاح کیا۔ از سر نو تعمیر کئے گئے پولیس اسٹیشن ہمایوں نگر اور پولیس اسٹیشن کلثوم پورہ کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کارپوریٹ سطح پر پولیس اسٹیشن تعمیر کئے گئے ہیںاور یہاں کی پولیس ملک بھر میں اپنی فرض شناسی اور فرینڈلی پولیسنگ کیلئے مشہور ہے۔ جناب محمود علی نے کہا کہ پولیس کے عوام دوست رویہ سے شہریوں میں احساس تحفظ میں مزید اضافہ ہوا ہے اور اس کے نتیجہ میں عوام بلا خوف پولیس اسٹیشن سے رجوع ہونے سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پولیس کو عصری ٹکنالوجی سے لیس گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں جس سے ایمرجنسی حالات میں عوام تک پہنچنے میں سہولت ہورہی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں لاکھوں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور کیمروں کی تنصیب میں تلنگانہ سرفہرست ہے جبکہ ملک کے 70 فیصد سی سی ٹی وی کیمرے صرف تلنگانہ میں ہی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ جدید ٹکنالوجی سے نصب کئے گئے ان کیمروں کا بین الاقوامی سطح پر بھی حیدرآباد کو اہم مقام حاصل ہوا ہے۔ خواتین کی سیفٹی اور سیکوریٹی کیلئے خصوصی شعبہ قائم کیا گیا ہے اور تشکیل تلنگانہ کے بعد سے ہی شی ٹیم قائم کی گئی ہے جس کے ذریعہ خواتین و لڑکیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ جناب محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ میں کسی بھی قسم کے فسادات یا نکسلزم کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ پولیس اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر ڈی جی پی تلنگانہ انجنی کمار ، پولیس کمشنر حیدرآبادی سی وی آنند اور سٹی پولیس کے اعلیٰ عہدیدار کے علاوہ ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو بھی موجود تھے۔ب