ہما قریشی کی جالی ایل ایل بی 3 میں واپسی

   

ممبئی ۔ اداکارہ ہما قریشی کورٹ روم کامیڈی فرنچائز جالی ایل ایل بی کی تیسری قسط میں پشپا پانڈے کے کردار کو دوبارہ ادا کرنے والی ہیں۔ قریشی نے جالی ایل ایل بی 2 میں اکشے کمار کے جگدیشور مشرا کی بیوی پانڈے کا کردار اداکیا تھا۔ اداکار اکشے کمار اور ارشد وارثی نے حال ہی میں جالی ایل ایل بی 3 کے نام سے پروجیکٹ کے لیے فلم بندی شروع کی ہے۔ وارثی نے 2013 کی جالی ایل ایل بی میں جگدیش تیاگی عرف جالی کا کردار ادا کیا تھا اور اکشے کمار نے 2017 کے سیکوئل جالی ایل ایل بی 2 میں جگدیشور مشرا کا کردار ادا کیا تھا۔ وارثی اور کمار کے علاوہ، تجربہ کار اداکار سوربھ شکلا، جنہوں نے پہلی دو فلموں میں جسٹس سندرلال ترپاٹھی کا کردار ادا کیا تھا، تیسرے حصے کے لیے بھی واپس آرہے ہیں، جالی ایل ایل بی 3 کو سبھاش کپور نے ڈائریکٹ کیا ہے، اور اسے اسٹار اسٹوڈیوز اورکانگڑا ٹاکیز نے پروڈیوس کیا ہے۔ ہما قریشی کو حال ہی میں ترلا کے ساتھ ساتھ ان کی ہٹ سیریز مہارانی کے تیسرے سیزن میں بھی دیکھا گیا ہے۔ ان کی آنے والی فلم پوجا میری جان ہے جس میں مرونال ٹھاکر شریک اداکار ہیں۔