ہمنتا بسوا سرما سب سے بدعنوان وزیر اعلیٰ:کانگریس

   

آسام میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کی پذیرائی سے وزیراعلیٰ خوفزدہ : جے رام رمیش

ماجولی (آسام): کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی لیڈر راہول گاندھی کی منی پور سے شروع ہوئی بھارت جوڑو نیائے یاترا اب آسام میں ہے اور یاترا میں جمع ہوئی بھیڑ سے جس طرح ماحول بدلا ہے اس سے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما خوفزدہ ہیں۔کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جیرام رمیش اور لوک سبھا میں پارٹی وہپ گورو گوگوئی نے پارٹی لیڈر راہول گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ گاندھی کی یاترا کے آسام پہنچنے سے وزیر اعلی خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے سرما کو سب سے بدعنوان وزیر اعلیٰ قرار دیا اور کہا کہ گاندھی کی یاترا کو آسام میں ملنے والی زبردست حمایت سے خوفزدہ ہوگئے ہیں۔ رمیش نے کہا، “جیسے ہی نیائے یاترا آسام پہنچی، یہاں کے لوگوں نے گاندھی کا پرتپاک استقبال کیا۔ نیائے یاترا میں بڑی تعداد میں لوگ گاندھی کا استقبال کر رہے ہیں۔ سرما بھاری بھیڑ کو دیکھ کر خوفزدہ ہیں جب کہ نیائے یاترا آسام میں سات دن تک جاری رہے گی۔ پہلے ہی دن ایسی تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے توبقیہ چھ دن میں حالات کس قدر تبدیل ہوں گے اس کے بارے میں بھی شرما کو سوچ لینا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ آسام کے لوگوں کی طرف سے راہول گاندھی جی کا شاندار استقبال دیکھ کر آسام کے وزیر اعلیٰ بوکھلائے ہوئے ہیں۔ میں آسام کے وزیر اعلیٰ سے کہنا چاہتا ہوں کہ ڈرو مت۔ آسام میں ‘بھارت جوڑو نیائے یاترا’ سات دن تک چلے گی، اس یاترا کو کوئی بھی طاقت نہیں روک سکتی۔ کل ‘بھارت جوڈو نیائے یاترا’ اروناچل پردیش میں ہوگی۔ اس کے بعد 21 جنوری کو کالیا بور (ناگاؤں) میں ایک عظیم ریلی ہوگی، جس میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے بھی موجود ہوں گے ۔ گوگوئی نے کہا، “آسام کے وزیر اعلیٰ صرف خود کو امیر بنانے اورخاندان کے افراد کے نام پر جائیدادیں جمع کرنے میں مصروف ہیں۔ دہلی میں ایسا کون ہے جسے ایسے وزیر اعلیٰ پسند ہیں۔ آخرکیوں بی جے پی کے بدعنوان وزرائے اعلیٰ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج ماجولی میں سری سری اونیتی سترا بھی گئے اور وہاں جاکر انہوں نے آشیرواد حاصل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ‘بھارت جوڑو نیائے یاترا’ پر ہیں جس کا مقصد امن، سکون اور انصاف ہے ۔ دریں اثناء گاندھی کا ایک ٹویٹ بھی پوسٹ کیا ہے جس میں انہوں نے کہا، “آج ملک میں قبائلیوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے ، آپ کی زمین چھینی جا رہی ہے ، آپ کی تاریخ کو مٹایا جا رہا ہے ۔ آر ایس ایس بی جے پی کا نظریہ آپ سے پانی، جنگلات اور زمین چھیننے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ‘‘منی پور میں مہینوں سے سول وار جیسا ماحول ہے ۔ لوگ ایک دوسرے کو مار رہے ہیں، لیکن آج تک وزیر اعظم نریندر مودی منی پور نہیں گئے ۔ ناگالینڈ میں مودی نے 9 سال پہلے جو وعدہ کیاتھا، اسے پورا نہیں کیا۔ آسام میں بھی ہندوستان کے سب سے بدعنوان وزیر اعلیٰ ہیں۔