ہمیں پتہ ہے کہ ہمیں کیا کرنا ہے، کیسے کرنا ہے: پوٹن

,

   

یوکرین میں روس کو فتح حاصل ہوگی، لوزنکی فٹ بال اسٹیڈیم میں ریالی سے خطاب

ماسکو ۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے جمعہ کے روز لوگوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے ایک فٹ بال اسٹیڈیم میں خطاب کیا اور یوکرین پر حملہ کو درست قرار دیا۔ انہوں نے روسی پرچم لہراتے لاکھوں افراد سے کہا کہ کریملن کے تمام مقاصد پورے ہوں گے۔ ماسکو کے لوزنکی اسٹیڈیم میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پوٹن نے کہا کہ ہمیں پتا ہے کہ ہمیں کیا کرنا ہے، کیسے کرنا ہے، اوراس کی کیا قیمت ہو گی۔ اور ہم اپنے تمام مقاصد کامیابی کے ساتھ حاصل کر لیں گے۔ انھوں نے یوکرین کی لڑائی کو خصوصی فوجی آپریشن قرار دیا اور کہا کہ سپاہی جذبے سے لڑ رہے ہیں جو بات روس کے اتحاد کی مظہر ہے۔ بقول ان کے، کاندھا کاندھے سے ملا کر، وہ ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں، ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں، اور ضرورت پڑنے پر بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کی جان بچانے کے لیے اپنی جان قربان کرتے ہیں۔ ہم نے ایک طویل عرصے سیاس قسم کے اتحاد کا مظاہرہ نہیں دیکھا۔ ایسے میں جب کہ پوٹن کا خطاب جاری تھا، سرکاری ٹیلی ویژن نے تھوڑی دیر تک ان کا خطاب منقطع کرکے قومی ترانوں پر مشتمل ریکارڈ شدہ فوٹیج دکھائی۔ لیکن، بعدازاں کریملن کے سربراہ پھر اسکرین پر دکھائی دیے۔ آر آئی اے نیوز ایجنسی نے کریملن کے ترجمان، دمتری پیسکوف کے حوالے سے کہا ہے کہ سرورمیں تکنیکی خرابی کے باعث ٹیلی ویڑن سے پوٹن کی تقریر کی نشریات منقطع ہوئیں۔ پوٹن نے کہا کہ یوکرین کا آپریشن ضروری تھا چونکہ یوکرین کو استعمال کرتے ہوئے، بقول ان کے، امریکہ روس کو دھمکیاں دے رہا تھا، جب کہ روس روسی زبان بولنے والے افراد کو یوکرین کے قتل عام سے بچانا چاہتا تھا۔ یوکرین کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے اور یہ کہ پوٹن کا قتل عام کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔ مغربی ملکوں کا کہنا ہے کہ یہ دعویٰ کرنا کہ وہ روس کا شیرازہ بکھیرنا چاہتے ہیں، درست نہیں۔ جس اسٹیج پر پوٹن خطاب کررہے تھے وہاں بینروں پر نعرے تحریر تھے، جیسا کہ دنیا کو نازی ازم کی ضرورت نہیں اور ہمارے صدر کے لیے کا نعرہ ، جس کے لیے یوکرین میں جاری فوجی کارروائی کے دوران انگریزی حرف زیڈ کی شکل کا نشان استعمال ہو رہا ہے۔ ادھر، اے پی کی ایک رپورٹ کے مطابق، لوزنکی اسٹیڈیم میں منعقدہ اس تقریب میں دو لاکھ سے زائد لوگ موجود تھے۔ پوٹن نے ملکی افواج کو سراہا، جوشیلنگ اور میزائل حملوں کے ذریعہ یوکرین کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ اس موقع پر معروف روسی گلوکار اولیگ گزمانوف نے میڈ ان رشیا کے عنوان پر ایک گانا گایا، جس کے کلمات یہ تھے کہ یوکرین، کرائمیا، بیلاروس اور مالڈوا سارا ہی ہمارا ملک ہے۔