ہم ان جنگوں کا نشانہ بنے جو ہم نے شروع نہیں کیں: نیپالی وزیراعظم

   

نیویارک۔ 25 ستمبر (ایجنسیز) نیپال کے وزیر اعظم بالین شاہ نے کہا کہ ہم ان جنگوں کا نشانہ بنے جو ہم نے شروع نہیں کیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے نیپال کے وزیر اعظم بالِندرا شاہ عرف بالین شاہ نے کہا کہ ہم اُس موسمیاتی تبدیلی کا شکار ہوئے جسے ہم نے گرم نہیں کیا اور پھر ان جنگوں کا نشانہ بنے جو ہم نے شروع نہیں کیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک ایسی دنیا بنائی ہے جہاں جنگ کیلئے رسد کا بے عیب نظام موجود ہے جب کہ خوراک کی رسد کا نظام تباہ حال ہے، یہ صرف نیپال کی انفرادی بدقسمتی نہیں ہے۔بالین شاہ کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش سے پوچھیں، بھوٹان، انڈیا، مالدیپ، پاکستان، سری لنکا یا ہمارے خطے کے کسی بھی دوسرے ملک سے پوچھیں تو آپ کو یہی سننے کو ملے گا۔ نیپالی وزیراعظم کے مطابق یہ ہمیں بتاتا ہے کہ عالمی تعاون میں بظاہر جتنا نظر آتا ہے حقیقت میں اس سے کہیں زیادہ خامیاں موجود ہیں۔