ہم جموںو کشمیر میں انتخابات کیلئے تیار ہیں۔ گورنر

   

جموں 11 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) گورنر جموں و کشمیر ستیہ پال ملک نے آج کہا کہ ان کا انتظامیہ ریاست میں اسمبلی انتخابات کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ الیکشن کمیشن اور مرکزی حکومت کی جانب سے کیا جائیگا ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جب کبھی الیکشن کمیشن خواہش کریگا ہم اسمبلی انتخابات کیلئے تیار ہیں۔ آئی اے ایس عہدیدار شاہ فیصل کے استعفی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی کبھی سرکاری ملازم رہے تھے اس لئے وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے ۔ الیکشن کمیشن نے گذشتہ نومبر میں کہا تھا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات آئندہ چھ ماہ کے اندر منعقد کئے جائیں گے ۔ کمیشن نے ریاست میں لوک سبھا انتخابات کے ساتھ اسمبلی انتخابات کے امکان کو مسترد نہیںکیا تھا ۔ چیف الیکشن کمشنر او پی راوت نے کہا تھا کہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات مئی سے قبل کسی پہلے موقع پر منعقد ہونگے اور ہوسکتا ہے کہ یہ انتخابات پارلیمانی انتخابات کے ساتھ بھی منعقد ہوں۔ ریاست میںاسمبلی کو قبل از وقت تحلیل کردیا گیا ہے ۔