نئی دہلی: سپریم کورٹ اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت ہم جنس شادیوں کو تسلیم کرنے کے معاملے کی جانچ کے لیے تیار ہے۔ سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اٹارنی جنرل کو نوٹس بھی بھجوا کر چار ہفتوں میں جواب طلب کر لیا گیا ہے۔ اب سپریم کورٹ فیصلہ کرے گی کہ ہم جنس شادی کو قانونی حیثیت دی جا سکتی ہے یا نہیں سپریم کورٹ نے کہا کہ اس طرح کی ایک عرضی دہلی ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے۔ اس پر ایڈوکیٹ این کے کول نے کہا کہ مرکزی حکومت نے کیرالہ ہائی کورٹ سے کہا ہے کہ وہ تمام مقدمات کو منتقل کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دے گی۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس ہیما کوہلی کی بنچ نے اس معاملے کی سماعت کی ہم جنس پرست نوجوانوں کے دو جوڑوں نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی ہے جس میں ہم جنس پرستوں کی شادیوں کو اسپیشل میرج ایکٹ میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ حیدرآباد میں رہنے والے دو ہم جنس پرست مردوں نے اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت ہم جنس شادیوں کو تسلیم کرنے کے لیے ایک درخواست دائر کی ہے۔