ہم روس اور یوکرین کو انتباہ دے چکے : اردغان

   

Ferty9 Clinic

انقرہ : 17 ڈسمبر ( ایجنسیز ) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے روس۔یوکرین جنگ سے منسلک حملوں کے حوالے سے خبردار کیا ہیکہ بحیرہ اسود میں تجارتی و مسافر بردار بحری جہازوں کو نشانہ بنانا کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے۔منگل کو دارالحکومت انقرہ میں 16ویں سفیروں کی کانفرنس سے خطاب میں اردغان نے کہا ہے کہ یہ حملے بحرِ اسود میں جہاز رانی کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور انقرہ نے اس معاملے پر دونوں فریقین کو خبردار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ “ہم نے مونٹریو کنوینشن کو سختی سے نافذ کیا ہے جس کی مدد سے جنگ کو بحرِ اسود تک پھیلنے سے روکنا ممکن ہوا ہے۔ تاہم حالیہ باہمی حملے علاقے میں محفوظ سیروسفر کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ تجارتی و مسافر بردار جہازوں کو نشانہ بنانا کسی کے بھی مفادمیں نہیں ہے۔ ہم نے اس معاملے میں اپنی وارننگ واضح طور پر دونوں فریقین تک پہنچا دی ہے”۔ترکیہ پہلے بھی اپنی مخصوص اقتصادی حدود کے اندر جہازوں پر حملوں کو ناقابلِ قبول قرار دے چْکاہے۔اردغان نے کہا ہیکہ اپنے مفادات کا دفاع کرنے اور ‘اپنے بھائیوں کی طرف مدد کا ہاتھ بڑھانے’ کے لیے ‘ ترکیہ کے پاس مضبوط ہونے کے سوا اور کوئی چارہ نہیں ہے۔حماس کی محتاط پالیسی کی بدولت غزہ میں جنگ بندی بڑی حد تک برقرار رہی ہے اور اس وقت ترجیح جنگ بندی کو برقرار رکھنا اور امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔