ہم سیلاب کے مشکل وقت میں عوام کیساتھ ہیں : نتیش کمار

   

پٹنہ، 6 ستمبر (یو این آئی) جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی صدر، بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور راجیہ سبھا کے رکن نتیش کمار نے اتوار کو پٹنہ ضلع کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا اور متاثرہ لوگوں کے مسائل کی معلومات حاصل کیں۔مسٹر کمار نے پُن پُن، اکونا، نیما، بیل داری چک، لکھنا، نہال چک، بلوا چک، دیوکلی، دھن روآ، ویر اوریّارا، سیوداہا بِگہا، اودھارا، پبھری، جلال پور، سہورو اور سائیں سمیت سیلاب سے متاثرہ گاؤں کا دورہ کیا۔جے ڈی یو کے قومی صدر نے نائب وزیر اعلیٰ و آبی وسائل کے وزیر وجے چودھری سے فون پر بات کرکے پٹنہ سمیت پورے بہار میں سیلاب اور پانی کی سطح کی صورتحال کی معلومات حاصل کی۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کی حفاظت اور راحت و بچاؤ کے کاموں کو سب سے زیادہ ترجیح دینے پر زور دیا۔مسٹر کمار نے کہا کہ سیلاب کی اس مشکل گھڑی میں کوئی بھی خاندان خود کو تنہا نہ سمجھے ۔ حکومت پوری سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ متاثرہ لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انتظامیہ پوری مستعدی کے ساتھ ضرورت مند لوگوں تک امداد پہنچا رہی ہے ۔مسٹر کمار نے کہا کہ نشیبی علاقوں، پشتوں اور پانی کی سطح کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور متاثرہ لوگوں کی حفاظت اور راحت کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس دورے پر بہار قانون ساز کونسل میں حکمراں جماعت کے نائب رہنما للن کمار صراف بھی مسٹر کمار کے ساتھ تھے ۔