ہم نو بھائی بہن ہیں تووزیراعظم کے بھی چھ بھائی بہن ہیں : تیجسوی

   

نتیش کمار میرے والد کے کندھے پر بندوق رکھ کر وزیراعظم کو نشانہ بنارہے ہیں

پٹنہ: وزیراعلیٰ بہار نتیش کمار نے ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کسی کا نام لئے بغیر ’’بیٹے کی آرزو میں آٹھ تا نو بچے پیدا کرنے‘‘ والے کا تذکرہ کیا جو دراصل درپردہ سابق وزیراعلیٰ لالو پرساد اور ان کی اہلیہ رابڑی دیوی کی جانب اشارہ تھا۔ دوسری طرف نتیش کمار کے سیاسی حریف اور لالو پرساد کے بیٹے تیجسوی یادو نے نتیش کمار کے ریمارک کو تن آسانی سے لیتے ہوئے ٹوئیٹ کیا اور کہا کہ نتیش کمار ان کے (تیجسوی) والدین اور ارکان خاندان کی جس طرح بے عزتی کررہے ہیں وہ ان کے (تیجسوی) لئے دعا اور آشیرواد کے مترادف ہے۔ بعدازاں تیجسوی نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار نے خواتین اور خصوصی طور پر ان کی (تیجسوی) والدہ رابڑی دیوی کی توہین کی ہے۔ یاد رہیکہ لالو پرساد کے نو بچوں میں تیجسوی یادو کا نمبر آٹھواں ہے۔ پیر کے روز پہلے مرحلہ کی رائے دہی کیلئے انتخابی مہم کے اختتام پر نتیش کمار نے لالو یادو اور تیجسوی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ کسی کو اس بات کی کوئی پرواہ نہیں ہے کہ کچھ لوگوں کے گھروں میں آٹھ تا نو بچے ہیں۔ ان لوگوں کو بیٹی کی پیدائش پر اعتقاد نہیں ہے۔ کئی بیٹیاں پیدا ہونے کے بعد ایک بیٹا پیدا ہوا۔ دیکھئے آپ لوگ۔ کچھ لوگ اسی نوعیت کا بہار دیکھنا چاہتے ہیں، دوسری طرف تیجسوی یادو اپوزیشن کا محاذ سنبھالے ہوئے ہیں اور وہ بھی 69 سالہ نتیش کمار کو ہدف تنقید بنانے سے نہیں چوکتے۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار جسمانی اور ذہنی طور پر تھک گئے ہیں۔ کثیرالعیال ہونے والی بات وزیراعظم نریندر مودی پر بھی لاگو ہوتی ہے کیونکہ ان کے بھی چھ بھائی بہن ہیں۔

میرے خاندان کے کندھے پر بندوق رکھ کر نتیش کمار دراصل وزیراعظم کو نشانہ بنارہے ہیں جن کی چھ بھائی بہن ہیں۔ اس طرح کی زبان استعمال کرکے نتیش کمار نے خواتین اور خصوصی طور پر میری والدہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ موصوف کبھی بھی اہم مدعو جیسے افراط زر، بدعنوانی اور بیروزگاری کے موضوعات پر کبھی لب کشائی نہیں کرتے۔ قبل ازیں تیجسوی نے ٹوئیٹ کرکے کہا تھاکہ نتیش جی کی جانب سے استعمال کئے جانے والے خراب الفاظ بھی ان کے (تیجسوی) لئے دعا اور آشیرواد ہیں۔ نتیش کمار کو یوں تو ایک اعتدال پسند اور پرسکون شخص قرار دیا جاتا ہے لیکن حالیہ دنوں میں تیجسوی یادو کی انتخابی ریالیوں میں عوام کا جم غفیر دیکھ کر نتیش جی کچھ بوکھلا سے گئے ہیں۔ تیجسوی یادو نے 10 لاکھ ملازمتوں کا وعدہ کیا ہے اور شاید یہی وعدہ نتیش کمار اور این ڈی اے کو کھٹک رہا ہے۔ نتیش کمار نے کل ایک ریالی میں کہا تھا کہ جن لوگوں کو کوئی معلومات اور کوئی تجربہ نہیں ہے، وہ میرے خلاف بول رہے ہیں۔ ہمیں انتخابی مہم میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ ہم صرف اقرباء پروری کیلئے پریشان ہیں۔ ہم پورے بہار کو اپنا خاندان سمجھتے ہیں لیکن کچھ لوگ ایسے ہیں جو صرف خونی رشتوں کو ہی رشتہ سمجھتے ہیں۔ بہار میں انتخابات تین مراحل میں ہوں گے جس کا اختتام 7 نومبر کو ہوگا اور نتائج کا اعلان 10 نومبر کو ہوگا۔