ہم نے پنجشیر فتح کرلیا ‘ افغانستان پر کنٹرول مکمل ‘ طالبان کا دعوی

,

   

٭ باغی اتحاد نے طالبان کا دعوی مسترد کردیا
٭ ملک سے فرار ہونے کی تردید ‘ امر اللہ صالح

کابل : طالبان نے کابل کے شمال میں وادی پنجشیر پر آج جعمہ کو قبضہ کرلینے کا دعوی کیا ہے ۔ سارے افغانستان میں طالبان کو وادی پنجشیر میں ہی مزاحمت کا سامنا تھا ۔ طالبان کے ایک کمانڈر نے کہا کہ اللہ تعالی کے کرم سے ہم اب سارے افغانستان پر کنٹرول کرتے ہیں۔ مسائل پیدا کرنے والوںکو شکست ہوچکی ہے اور اب وادی پنجشیر ہماری کمان میں ہے ۔ طالبان کے تقریبا تین ذرائع نے وادی پنجشیر پر اپنے قبضہ کا دعوی کیا ہے ۔ ابتداء میں کہا جارہا تھا کہ طالبا فوجی پنجشیر کی سمت پیشرفت کر رہے ہیں اور انہوں نے گورنر آفس کی طرف پیشقدمی کی ہے ۔ سابق نائب صدر امر اللہ صالح نے جو طالبان کی شدید مخالفت کر رہے ہیںٹولو نیوز ٹی وی اسٹیشن کو بتایا کہ ان کے ملک سے فرار ہوجانے کی اطلاع غلط ہے اور وہ افغانستان ہی میں موجود ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا ادارے رائیٹرس نے بھی پنجشیر پر طالبان کے قبضہ کی اطلاع دی ہے ۔ تاہم کہا گیا ہے کہ مکمل صوبے کے کنٹرول کی خبر کی ابھی آزادانہ توثیق نہیںہوسکی ہے ۔ یہ دعوی بھی کیا جا رہا ہے کہ پنجشیر پر کنٹرول حاصل کرلینے کے بعد طالبان نے وہاں کئی ٹینک اور دبابے بھی اپنے قبضے میں کرلئے ہیں۔ طالبان کی جانب سے پنجشیر میں اپنی پیشقدمی کی ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے ۔ بی بی سی ورلڈ کے ایک صحافی نے اپنے ٹوئیٹر پر ایک ویڈیو شئیر کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ ویڈیو امراللہ صالح نے بھیجا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ مزاحمتی دستوں کو مشکل صورتحال کا سامنا ہے ۔ ہمیں طالبان نے گھیرا ہوا ہے ۔ ہم مزاحمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے ٹوئیٹ کیا کہ مزاحمت جاری ہے اور ہم اسے برقرار رکھیں گے ۔ وہ اپنی سرزمین پر ہیں اور اپنی سرزمین سے اپنے وقار کا دفاع کر رہے ہیں۔ امراللہ صالح کے فرزند عباداللہ صالح نے بھی پنجشیر میں طالبان کی فتح کی تردید کی ہے ۔ انہوں نے ایک پیام میں کہا کہ یہ غلط ہے ۔ اس سے قبل پنجشیر سے گھمسان کی لڑائی کی اطلاعات مل رہی تھیں اور یہ دعوی کیا گیا ہے کہ فریقین کو بھاری جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ یہ بھی اطلاع تھی کہ مزاحمتی دستوں نے طالبان کے ساتھ کسی امن معاہدہ کی پیشکش بھی کی ہے تاہم اس کی بھی کوئی توثیق نہیں ہوسکی ہے ۔ پنجشیر میں طالبان کی فتح کے دعووں پر کابل میں جشن منایا گیا ۔ یہاں زبردست ف ائرنگ کرتے ہوئے پنجشیر کی کامیابی کا جشن منایا گیا ۔ تاہم طالبان نے اس طرح کی فائرنگ سے گریز کی اپیل کی ہے ۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ فائرنگ کرکے مسرت کا اظہار کرنے کی بجائے اللہ کا شکر ادا کیا جانا چاہئے ۔