تہران: ایک ایسے وقت میں جب خطے میں ایرانی حمایت یافتہ مسلح گروپوں کے بیانات میں اضافہ ہو رہا ہے اور ان بیانات میں اسرائیل اور صیہونیوں سے لڑنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ایرانی رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے ایک اہم بیان دے دیا اور کہا کہ جو بھی ایران پر صیہونیوں کو سمندر میں پھینکنے کی کوشش کرنے کا الزام لگاتا ہے وہ جھوٹا ہے۔علی خامنہ ای نے چہارشنبہ کو ’’ ایکس‘‘ پر عربی اکاؤنٹ پر کہا کہ دنیا میں کچھ لوگ اس وقت جھوٹ بول رہے ہوتے ہیں جب وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ایران کہتا ہے کہ یہودیوں اور صیہونیوں کو سمندر میں پھینک دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے کبھی ایسا نہیں کہا بلکہ ہمارا ملک یہ سمجھتا ہے کہ عوام کے ووٹ ہی صیہونیوں کی قسمت کا تعین کرتے ہیں۔ غزہ پٹی میں اسرائیل اور فلسطینی گروپس کے درمیان گزشتہ 7 اکتوبر سے جاری لڑائی کے متعلق انہوں نے کہا فلسطینی عوام کے ووٹوں سے بننے والی حکومت یہ فیصلہ کرے گی کہ دوسرے ملکوں سے آنے والے باقی رہیں گے یا چلے جائیں گے۔