سری نگر: شمالی کشمیر کے قصبہ ہندوارہ کے ودھ پورہ علاقے میں ہفتے کی صبح ایک گورنمنٹ ڈگری کالج کی گاڑی کو حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں دو طالبات کی موت واقع ہوئی جبکہ 25 دیگر زخمی ہوگئے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہندوارہ کے ودھ پورہ علاقے میں ہفتے کی صبح ایک بس جس میں گورنمنٹ ڈگری کالج سوگام کے طلبا سوار تھے ،ایکسکرشن کے لئے پہلگام جا رہی تھی، کہ سڑک پر لڑھک گئی جس کے نتیجے میں ایک طالبہ کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ 25 دیگر زخمی ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہندوارہ منتقل کیا گیا جہاں 2 طالبات جانبر نہ ہو سکیں۔ان کا کہنا ہے کہ شدید زخمیوں کو سری نگر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔حادثے میں جاں بحق ہوئی طالبات کی شناخت میمونہ اور تبسم ساکنان کلاروس لولاب کے بطور کی گئی ہے ۔دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ کپوارہ آیوشی سودن نے ہسپتال جا کر زخمیوں کی عیادت کی۔