ہندوستانی بحریہ کے سربراہ کی امریکی حکام سے ملاقات

   

دوطرفہ دفاعی تعاون کے پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت

نئی دہلی، 15 نومبر (یواین آئی) بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی جو امریکہ کے چھ روزہ سرکاری دورے پر ہیں نے ہفتہ کو امریکی انڈو پیسیفک کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل سیموئیل جے پاپارو، پیسفک فلیٹ اور لیفٹیننٹ جنرل جیمز ایف گلین، امریکی میرین فورسز پیسفک کے کمانڈرکے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے سلسلے میں دو طرفہ دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گہرائی سے تفصیلی بات چیت کی۔ بحریہ کے مطابق ان ملاقاتوں میں دفاعی تعاون کے پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا جیسا کہ میری ٹائم سیکیورٹی، بحری تعاون کو مضبوط بنانا، باہمی تعاون کو بڑھانا اور انڈو پیسیفک میں آپریشنل سرگرمیوں ، بحری دلچسپی کے ترجیحی شعبوں کے ساتھ بہتر معلومات کے تبادلے اور میری ٹائم ڈومین بیداری کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے حکام نے مواصلات کی سمندری لائنوں کی حفاظت اور اہم بحری انفراسٹرکچر، انسانی امداد، ریلیف اور ریسکیو آپریشنز، بحری قزاقی کے خلاف کارروائیوں اور غیر روایتی سیکیورٹی چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بات چیت میں امریکی بحری اور مشترکہ افواج کے ساتھ تعاون بڑھانے ، باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور آزاد، کھلے ، جامع اور قواعد پر مبنی ہند-بحرالکاہل کے عزم پر توجہ مرکوز کی گئی۔