ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کو انعامی رقم ملنے کی توقع

   

نئی دہلی۔آسٹریلیا میں 8 مارچ 2020 کوہوئے خاتون ٹی20 ورلڈ کپ میں رنراپ بننے کے تقریباً 15 ماہ بعد ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم آخرکار انعامی رقم حاصل کرنے کے لئے تیارہے ۔ ٹیم کو اس ہفتے کے آخر تک ٹی20 ورلڈ کپ کے رنراپ کو ملنے والی پانچ لاکھ امریکی ڈالر یعنی تقریباً 3.5کروڑ روپے کی انعامی رقم ملنے کی امید ہے ۔ اس تعلق سے بی سی سی آئی نے کھلاڑیوں سے اپنا حصہ حاصل کرنے کے لئے بل جمع کرنے کوکہا ہے ۔سمجھاجاتا ہے کہ برطانیہ کے ایک اخبار ٹیلی گراف کی جانب سے ٹی20 عالمی کپ کی رنراپ ہندوستانی ٹیم کو اب تک انعامی رقم کی ادائیگی نہ کئے جانے کے انکشاف کے بعد ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے یہ وضاحت نامہ سامنے آئی ہے ۔ اخبار نے یہ بھی کہا ہے کہ ورلڈکپ کی فاتح آسٹریلیا سمیت دیگرٹیموں کو ٹورنمنٹ ختم ہونے کے فوراً بعد انعامی رقم دے دی گئی تھی۔اطلاع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ کے تقریباً ایک ہفتے بعد ہی بی سی سی آئی کو انعامی رقم تقسیم کردی تھی۔ بی سی سی آئی عہدیداروں نے اس بارے میں کہا کہ انہیں انعامی رقم میں ہوئی تاخیر کی وجہ کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے ۔ بی سی سی آئی عہدیدار نے ایک بیان میں کہا ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کے ارکان کو اس ہفتے کے آخر تک انعامی رقم کا اپنا حصہ ملے گا جس کا عمل شروع ہوچکا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کی ادائیگی میں تین سے چار ماہ کا وقت لگتا ہے ۔ حالانکہ گزشتہ سال کورونا سے بگڑے حالات کے سبب تمام ادائیگیوں میں تاخیرہوئی تھی۔ سمجھاجاتا ہے کہ خاتون کھلاڑیوں نے مارچ2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف محدوداووروں کی گھریلو سیریز کی میچ فیس کے لئے اپنے بل جمع کردئے ہیں اورادائیگی کاانتظارہے ۔