ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کو برونز میڈل مقابلے میں شکست

   

ٹوکیو۔ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کی جانب سے ٹوکیو اولمپکس میں 41 سال بعد برونز میڈل حاصل کرنے کے بعد آج خاتون ٹیم کی باری تھی لیکن اس نے میڈل حاصل کرنے کا موقع گنوا دیا۔ برطانیہ کے خلاف شاندار مظاہرہ کرنے کے باوجود ہندوستانی ٹیم ایک گول سے پیچھے رہ گئی اور اسے 4-3 کی شکست برداشت کرنی ۔ خواتین ٹیم کی کارکردگی اس لئے بھی خاص رہی کیونکہ ایونٹ میں اس نے مسلسل تین میچ گنوا دئے تھے اور اس کے بعد شاندارکارکردگی کے دم پر وہ سیمی فائنل تک پہنچی۔برونز میڈل کا میچ شروع ہونے کے ساتھ ہی برطانوی خواتین ہندوستان پر پوری طرح حاوی ہوئیں، تاہم ہندوستان کی گول کیپر سویتا پونیا نے بہترین دفاع کیا اور پہلا کوارٹرختم ہونے تک دونوں ٹیمیں کوئی گول کرنے میں ناکام رہیں۔دوسرے کوارٹر کی شروعات کے پہلے ہی منٹ میں ایلی رییئر نے گول بناکرنہ صرف اپنی ٹیم کو سبقت دلوائی۔ اس کے بعد برطانیہ کے لئے 24 ویں منٹ میں سارہ رابرٹسن نے گول کیا۔ انہوں نے برطانیہ کو 2-0 سے آگے کیا۔اس کے بعد ہندوستانی خواتین نے جوابی حملہ شروع کیا اورگرجیت کورنے 2 منٹ کے اندر دو گول بنائے۔ انہوں نے پہلا گول 25ویں اور دوسرا گول 26ویں منٹ میں کیا۔ اس گول کے ساتھ ہندوستان نے اسکور 2-2 سے برابر کرلیا۔ اس کے بعد وندناکٹاریا نے 29ویں منٹ میں تیسرا گول بنایا اور ہندوستان کو 3-2 سے برتری حاصل ہو گئی۔تیسرا کوارٹر برطانیہ کے نام رہا اور اس نے مزید ایک گول بناکر اسکور 3-3 سے برابری پر لادیا۔چوتھے کوارٹر میں برطانیہ نے فیصلہ کن گول کیا۔