ہندوستانی سفارت خانہ کے اہلکار کی پراسرار موت

   

واشنگٹن : امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ہندوستانی سفارت خانہ کا اہلکار پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا ہے۔ ہندوستان میڈیا کے مطابق مقامی پولیس اور سیکرٹ سروس چہارشنبہ کو پیش آئے واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے، واقعہ میں خودکشی کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مرنے والے شخص کی نعش سفارت خانے کے احاطہ سے ملی ہے۔ ہندوستانیسفارت خانے نے جمعہ کو ایک سرکاری بیان میں اہلکار کی موت کی تصدیق کی لیکن مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ میڈیا کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی سفارت خانے کے ایک اہلکار کی 18 ستمبر 2024ء کی شام موت واقع ہوئی تھی۔
خامنہ ای کا ہزاروں قیدیوں کیلئے معافی کا اعلان
تہران : ایران کے مذہبی رہنما خامنہ ای نے ہزاروں قیدیوں کو معاف کر دیا ، جن میں غیر ملکی اور ایسے افراد شامل ہیں جن پر ریاست مخالف جرائم کا الزام ہے۔ میڈیا کے مطابق عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی کی تجویز کے بعد علی خامنہ ای نے 2ہزار 887 قیدیوں کی سزائیں معاف اور کم کرنے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ 59 افراد کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ معافی پانے والوں میں 39 ایسے افراد جو ریاست مخالف جرائم کے مرتکب ہوئے اور 40 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔