ہندوستانی معتمدخارجہ وجے گوکھلے کی امریکی وزیرخارجہ پومپیو سے ملاقات

,

   

واشنگٹن ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے معتمدخارجہ وجے گوکھلے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو اور ٹرمپ انتظامیہ کے دیگر سینئر عہدیداروں سے آج ملاقات کریں گے جہاں وہ اہم خارجہ پالیسی اور سیکوریٹی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ یاد رہیکہ اس بات چیت کو ہندوستان کے جموں و کشمیر کے پلوامہ ڈسٹرکٹ میں پاکستان کی جیش محمد کی جانب سے کئے گئے دہشت گرد حملوں کے بعد انتہائی اہمیت کا حامل تصور کیا جارہا ہے۔ دہشت گرد حملہ میں سی آر پی ایف کے زائد از 40 جوان شہید ہوگئے تھے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ وجے گوکھلے اتوار کو امریکہ پہنچے جہاں وہ اپنے امریکی ہم منصبوں کے ساتھ حکمت عملی سیکوریٹی بات چیت کریں گے جن میں انڈر سکریٹری آف اسٹیٹ برائے سیاسی امور ڈیوڈ ہیل اور انڈر سکریٹری آف اسٹیٹ برائے آرمس کنٹرول انٹرنیشنل سیکوریٹی اینڈ ریاتھامسن سے بات چیت کی جائے گی۔ ہندوپاک کے تعلقات میں کشیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس تین روزہ دورہ کو (جسے 14 فبروری کے پلوامہ حملوں سے قبل ہی قطعیت دی گئی تھی) اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے۔ یاد رہیکہ گذشتہ ہفتہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے نائب ترجمان رابرٹ پلاڈینونے اپنی ہفتہ واری نیوز بریفنگ کے دوران اخباری نمائندوں کو بتایا تھاکہ ہندوپاک کے درمیان کشیدگی میں کمی کرنے مائیک پومپیو نے اہم رول ادا کیا تھا حالانکہ پروٹوکول کے مطابق امریکی وزیرخارجہ کا ہندوستانی معتمدخارجہ سے ملاقات کرنا کوئی معمول کی بات نہیں ہے لیکن اگر گذشتہ چند سالوں کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آئے گی کہ امریکی وزیرخارجہ نے ہندوستانی معتمدین خارجہ بشمول ایس جے شنکر سے ملاقاتیں کی ہیں۔