موجودہ وزیر ٹرانسپورٹ نے آئندہ الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کردیا
ٹورنٹو: جسٹن ٹروڈو کے مستعفی ہونے کے بعد کینیڈا کے وزیراعظم کے عہدہ کے لیے مضبوط ترین امیدوار کے طور پر ہندوستانی نژاد انیتا آنند سامنے آئی تھیں جو اس وقت وزیر ٹرانسپورٹ بھی ہیں۔میڈیا کے مطابق کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل میں ہندوستانی خفیہ ایجنسی کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد ملنے پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا تھا۔دونوں مما لک کے درمیان سفارتی تعلقات بھی تقریباً معطل ہیں۔ ایک دوسرے کے سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کا سلسلہ بھی چلتا رہتا ہے۔ایسے میں سکھ رہنما کے قتل میں ہندوستان کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد دنیا کے سامنے لانے والے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو مستعفی ہوگئے۔ جسٹن ٹروڈو کی جگہ ہم جنس پرستوں کی حامی ہندوستانی نژاد خاتون کے وزیرِ اعظم بننے کا امکان تھا۔ہندوستانی وزیراعظم نے امیدیں باندھ لی تھیں کہ انیتا آنند کے وزیراعظم بن جانے سے سکھ رہنما کا قتل کیس دب جائے گا اور کینیڈا کے ساتھ تعلقات دوبارہ بحال ہوجائیں گے۔تاہم انیتا آنند نے وزارت عظمٰی کی دوڑ سے باہر ہونے کا اعلان کرتے ہوئے مودی کی امیدوں پر پھیر دیا۔انیتا آنند نے کہا کہ وہ ایم پی کے طور پر دوبارہ انتخابات میں حصہ نہیں لیں گی اورساری توجہ اپنے پیشہ درس و تدریس پر مرکوز رکھیں گی۔اپنے بیان میں انیتا آنند نے مستعفی وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ٹیم میں جگہ دینا اور اہم ذمہ داریاں سونپنا مجھ پر اعتماد کا اظہار ہے۔ انیتا آنند نے 2019 میں سیاست میں قدم رکھا تھا اور وہ جسٹن ٹروڈو کی کابینہ میں دفاع، خزانہ، عوامی خدمات اور ٹرانسپورٹ کی وزیر رہی ہیں۔ انیتا آنند سیاست میں آنے سے قبل وکیل اور یونیورسٹی میں استاد رہ چکی ہیں۔