ہندوستانی نژاد شخص کی موت، ایلون مسک کی کینیڈین ہیلتھ سسٹم پر تنقید

   

Ferty9 Clinic

ٹورنٹو ۔ 29 ڈسمبر (ایجنسیز) کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن کے گرے نَنز کمیونٹی اسپتال میں 44 سالہ ہندوستانی نژاد شخص پرشانت سری کمار کی موت کے بعد کینیڈین ہیلتھ سسٹم شدید تنقید کی زد میں آ گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق پرشانت سینے کے شدید درد کے باوجود 8 گھنٹے سے زائد وقت تک طبی امداد کے انتظار میں رہا اور مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔ خاندان کے مطابق پرشانت سری کمار کو 22 دسمبر کو دوپہر تقریباً 12 بج کر 15 منٹ پر اسپتال لایا گیا، وہ دوپہر 12 بج کر 20 منٹ سے رات 8 بج کر 50 منٹ تک ٹرائی ایج ایریا میں موجود رہا اور بار بار سینے میں شدید درد کی شکایت کی۔ پرشانت سری کمار کا بلڈ پریشر 210 تک پہنچ گیا تھا تاہم اسے صرف درد کم کرنے کی دوا دی گئی۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ اسپتال کے عملے نے شکایات کو سنجیدگی سے نہیں لیا، ایک ای سی جی ٹیسٹ کیا گیا جس میں فوری خطرہ ظاہر نہیں ہوا جس کے بعد علاج میں مزید تاخیر کی گئی۔ پرشانت کے والد سری کمار نے بتایا ہے کہ ان کے بیٹے نے درد کو ’10 میں سے 15‘ قرار دیا تھا۔ جب آخرکار انہیں علاج کے کمرے میں لے جایا گیا تو وہ چند سیکنڈ میں ہی گر پڑے اور جانبر نہ ہو سکے۔ پرشانت کی اہلیہ نیہاریکا سری کمار کی جانب سے بھی اسپتال پر مبینہ غفلت کا الزام لگایا ہے۔ اس واقعہ پر اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے کینیڈا کے صحت کے نظام کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔