ملبورن۔ آسٹریلیائی بیٹسمین مارنس لباشائن نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم تیسرے ٹسٹ میں ایک مختلف طریقہ سے ہندوستانی ٹیم پر دباؤ ڈالے گی۔ آسٹریلیا نے پہلے ٹسٹ میں ہندوستان کو شکست دی تھی لیکن ملبورن میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں مہمان ٹیم نے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریزکو1-1 سے برابر کردیا تھا۔ہندوستانی بولروں نے آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ اور مارنس لبا شائن کو ہاتھ کھولنے کا زیادہ موقع نہیں دیا اور گیند کو اسٹمپ پر رکھنے کی حکمت عملی کے ساتھ ان دونوں کو باندھے رکھا ۔ آسٹریلیائی ٹیم انتظامیہ نے بھی اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ اسمتھ اور لباشائن جدوجہد کر رہے ہیں۔ تاہم لبا شائن نے آسٹریلیائی بیٹسمینوں سے کہا ہے کہ وہ ہندوستانی بولروں کے خلاف خاص حکمت عملی اپنائیں۔