ہندوستانی ٹیم پھر اختلافات کی زد میں !

   

نئی دہلی : ہندوستانی کرکٹ میں گزشتہ چند ہفتوں سے تنازعات چل رہے ہیں۔ آسٹریلیا کے دورے پر ٹیم انڈیا کی ٹسٹ سیریز میں شکست کے بعد سے مسلسل کپتان، کوچ اور چیف سلیکٹر کے درمیان اختلافات کی خبریں آرہی ہیں اور چمپئنز ٹرافی سے عین قبل یہ تنازعہ ایک بار پھر زور پکڑنے لگا ہے۔ اس کے مرکز میں اسٹار وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت اور ناگپور میں کھیلے گئے پہلے ونڈے میں ان کا نہ کھیلنا ہے۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ونڈے سیریزکا پہلا میچ جمعرات 6 فروری کو ناگپور میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں کے ایل راہول کو ٹیم انڈیا میں وکٹ کیپرکے طور پر میدان میں اتاراگیا تھا۔ ایسے میں رشبھ پنت کو اس میچ کے پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں مل سکی۔ ماضی قریب میں، راہول ہی وہ ہیں جنہوں نے اس فارمیٹ میں ٹیم انڈیا کے لیے وکٹ کے پیچھے دستانے سنبھالے ہیں۔ رشبھ پنت کی غیر موجودگی میں راہول ورلڈکپ 2023 میں بھی اس کردار میں تھے اور انہوں نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایک بار پھر انہیں اس کردار پر غورکرتے ہوئے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ نہ صرف اس سیریز کے لیے بلکہ چمپئنز ٹرافی کے لیے بھی راہول کو بطور وکٹ کیپر بیٹر شامل کیاگیا ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ ٹیم انڈیاکا نمبر ایک وکٹ کیپرکون ہے؟ کیا یہ کے ایل راہل ہیں؟ کیا یہ رشبھ پنت ہے؟ اگر پہلے ونڈے کے پلیئنگ الیون کو دیکھیں تو راہول کا کھیلنا یہ ظاہرکرتا ہے کہ وہ ٹیم انڈیا مینجمنٹ کی نظر میں نمبرایک ہیں۔ تو کیا چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے جھوٹ بولا؟ دراصل جب 19 جنوری کو ٹیم انڈیا کا اعلان کیا گیا تو کپتان روہت شرما اور اگرکر پریس کانفرنس میں آئے تھے۔ اس وقت جب اگرکر سے پوچھا گیا کہ ٹیم میں وکٹ کیپر کے عہدے کے لیے سب سے اوپر کا انتخاب کون ہے، تو انھوں نے کہا کہ ونڈے سیریز اور چمپئنز ٹرافی کے لیے رشبھ پنت پہلی پسند ہیں۔ اس وقت اگرکرکے بیان سے، یہ سمجھا گیا تھا کہ پنت پلیئنگ الیون میں وکٹ کیپرکا کردار ادا کریں گے، جب کہ راہول کو مڈل آرڈر میں جگہ کے لیے شریاس ایئر سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ اب اگر چیف سلیکٹر نے پنت کو سب کے سامنے نمبر ون وکٹ کیپر قرار دیا تھا تو پھر انہیں پہلے ونڈے میچ میں جگہ کیوں نہیں دی گئی؟ اس سے سوال پیدا ہوا ہے کہ کیا کوچ اور کپتان میچ کے دوران چیف سلیکٹرکے فیصلوں پر عمل نہیں کررہے؟ یا اجیت اگرکر نے اس معاملے میں سب سے جھوٹ بولا؟ حقیقت فی الحال قیاس آرائیوں کے پیچھے چھپی ہوئی ہے، لیکن اگر ٹیم انڈیا کے حالیہ تنازعات سے متعلق رپورٹس پر یقین کریں، تو یہ واضح ہے کہ چیف سلیکٹر اگرکر اورکوچ گوتم گمبھیر کے درمیان فیصلوں پرکوئی اتفاق رائے نہیں ہے اور پنت کے بارے میں لیا گیا فیصلہ اس اختلاف کی نئی کڑی ہے۔