ہندوستانی ٹیم کا ڈریسنگ روم ماحول بگڑنے لگا ، کوچ برہم

   

سڈنی۔ہندوستانی ٹیم بارڈر گواسکر ٹرافی کی رواں سیریز میں پیچھے رہ گئی ہے۔ کامیابی کے ساتھ سیریز کا آغاز کرنے والی ہندوستانی ٹیم کو گزشتہ 3 میچوں میں سے 2 میں شکست ہوئی ہے اور ایک میچ ڈرا ہوا ہے۔ میلبورن ٹسٹ میں بھی قومی ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی دیکھنے میں آئی، کھیل کے آخری دن ہندوستانی اننگز تاش کے پتوں کی طرح منہدم ہوگئی۔ تاہم اب نیا سال شروع ہوچکا ہے اور ٹیم انڈیا ایک نئی شروعات کرنے کی خواہاں ہے لیکن سال کے پہلے ہی دن ایک چونکا دینے والی خبر سامنے آئی ہے۔ ٹیم انڈیا کے ڈریسنگ روم کا معاملہ باہر آگیا ہے جس سے کرکٹ کی دنیا میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیم انڈیا کے ڈریسنگ روم میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ میلبورن ٹسٹ میں شکست کے بعد ٹیم انڈیا کے ڈریسنگ روم میں کافی ہنگامہ ہوا، جس کے بعد ایک چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے۔ گوتم گمبھیر ہندوستانی بیٹرس کی کارکردگی سے بالکل خوش نہیں ہیں۔ میلبورن میچ ہارنے کے بعد گمبھیر ڈریسنگ روم میں روہت شرما۔ ویراٹ کوہلی سمیت پوری ہندوستانی ٹیم پر برہم ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق گمبھیر نے کھلاڑیوں کو ڈانٹتے ہوئے کہا کہ بہت ہوگیا، آپ لوگ جاگ رہے ہیں یا نہیں۔ میں اتنے دنوں سے کچھ نہیں کہہ رہا، اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اسے معمولی سمجھیں۔ اس کے علاوہ گمبھیر نے کھلاڑیوں کو خبردارکیا ہے کہ مستقبل میں ان کی حکمت عملی پر عمل نہ کرنے والوں کو بھی ٹیم سے باہرکیا جا سکتا ہے۔ بظاہر، اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے، کیونکہ گمبھیر جنہوں نے 9 جولائی کو کوچ کا عہدہ سنبھالا تھا، اب تک کھلاڑیوں کو چھوٹ دے چکے تھے۔ تاہم اب انہوں نے حالیہ مایوس کن کارکردگی سے تنگ آکر کھلاڑیوں کا جائزہ لیا ہے۔ ڈریسنگ روم میں گرما گرم بحث کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا کے انتخاب پر بھی بڑا انکشاف ہوا ہے۔ دراصل یہ گوتم گمبھیر کا ٹسٹ سیریزکا پہلا دورہ ہے۔ وہ کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتے تھے۔ گمبھیر کو اس دورے کے لیے ٹیم میں تجربہ کار بیٹر چیتشور پجارا کی ضرورت تھی لیکن ہندوستانی سلیکٹرز نے ان کی بات نہیں مانی۔ آسٹریلیا میں چیتشور پجارا کے اعدادوشمار کافی متاثر کن ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ اننگز کو سست کرنے کے لیے کریز پر زیادہ وقت کیسے گزارنا ہے، جس کی فی الحال ٹیم میں کمی ہے۔ روہت شرما بارڈر گواسکر ٹرافی کے پہلے میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ جس کی وجہ سے جسپریت بمراہ نے ٹیم کی کمان سنبھالی لیکن میڈیا رپورٹس میں انکشاف ہوا ہے کہ ٹیم کا ایک کھلاڑی بمراہ کو کپتان بنانے کے حق میں نہیں تھا۔ یہ کھلاڑی خودکو عبوری کپتان کے طور پر پیش کررہا تھا۔ تاہم اس کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے لیکن یہ واضح ہوگیا ہے کہ کھلاڑیوں کے درمیان کچھ تنازعہ ہے جس سے کھیل متاثر ہو رہا ہے۔ ٹیم انڈیا کے ڈریسنگ روم سے یہ تمام چیزیں منظرعام پرآنے کے بعد ہندوستانی کرکٹ میں کھلبلی مچ گئی ہے۔