ہندوستانی پاسپورٹ بنانے کی کوشش، بنگلہ دیشی گرفتار

   

غیر قانونی طور پر ملک میں داخلے کے بعد سلیمان ملک پیٹ میں مقام تھا

حیدرآباد ۔ /8 فبروری (سیاست نیوز) فرضی دستاویزات کے ذریعہ ہندوستانی پاسپورٹ حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے ایک بنگلہ دیشی باشندے کو دبیر پورہ پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب 26 سالہ سلیمان ولد شمس الحق جو بنگلہ دیشی باشندہ ہے سال 2017 ء میں بنگلہ دیش پاسپورٹ پر ہندوستان آیا تھا اور اس نے شہر کے علاقے بالاپور میں واقع ایک دینی مدرسہ میں تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں وہ بنگلہ دیش واپس لوٹ گیا ۔ کچھ عرصہ بعد وہ ہند بنگلہ دیش سرحد کے ذریعہ ہندوستان میں غیرقانونی طور پر داخل ہوا اور خود کو مغربی بنگال کا متوطن ظاہر کرتے ہوئے دہلی کے کالج سے ایک شناختی کارڈ حاصل کیا اور اس کی بنیاد پر وہیں سے آدھار کارڈ بھی حاصل کرلیا ۔ سلیمان آدھار کارڈ حاصل کرنے کے بعد حیدرآباد لوٹ آیا اور دوبارہ بالاپور کے مدرسہ میں تعلیم کیلئے شریک ہوگیا ۔ سلیمان نے کچھ دنوں بعد ملک پیٹ کی ایک مسجد میں ہر مہینہ 6 ہزار روپئے کی تنخواہ پر موذن کی ملازمت حاصل کی جہاں پر مسجد کمیٹی کے ذمہ داران نے اسے تنخواہ چیک کے ذریعہ دینے کی بات بتائی ۔ بنگلہ دیشی باشندے نے اپنے آدھار کارڈ کی بنیاد پر بینک آف انڈیا میں کھاتہ کھولا اور اپنی تنخواہ حاصل کرنے لگا ۔ دستاویزات کی بنیاد پر سلیمان نے ہندوستانی پاسپورٹ حاصل کرنے کیلئے حیدرآباد ریجنل پاسپورٹ آفس سے درخواست داخل کی اور اس درخواست کی تنقیح کیلئے اسپیشل برانچ عملہ سلیمان کے پاس پہونچا جہاں پر انہیں وہ ہندوستانی نہ ہونے کا شبہ ہوا ۔ سلیمان کی پاسپورٹ درخواست کی اطلاع دبیرپورہ پولیس کو دی گئی جس پر انسپکٹر دبیرپورہ پولیس اسٹیشن ستیہ نارائینا نے مسجد کے موذن و بنگلہ دیشی باشندے سلیمان کو حراست میں لے لیا اور تفتیش کرنے پر اس نے تمام تفصیلات بتائے ۔ گرفتار شخص کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے اسے چنچل گوڑ ہ جیل منتقل کردیا گیا اور اس کیس کی مزید تحقیقات کیلئے اسے پولیس تحویل میں لیا جائے گا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔