قومی وزیر پیوش گوئل کے بیرونی دورہ کے بعد دونوں ممالک کے نئے معاہدات کی تفصیلات جاری
نئی دہلی، 25 نومبر (آئی اے این ایس) وزیرِ تجارت و صنعت پیوِش گوئل نے اسرائیل کا ایک اہم اور نتیجہ خیز دورہ مکمل کیا، جس کے دوران انہوں نے اعلیٰ سطح کی متعدد ملاقاتیں کیں جن کا مقصد ہندوستان ۔ اسرائیل اسٹریٹیجک اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنا تھا۔ اس حوالے سے منگل کو جاری سرکاری بیان میں بتایا گیا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے اس مضبوط عزم کی تجدید ہے کہ وہ اقتصادی تعلقات کو وسعت دیں، ٹیکنالوجی پر مبنی تعاون کو تیزکریں اور اسٹریٹیجک شعبوں میں شراکت داری کو بڑھائیں جو ہند ۔ اسرائیل تعلقات کے اگلے مرحلے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔ بیان کے مطابق، 20 سے 22 نومبر تک جاری رہنے والے اس دورے میں گوئل نے اسرائیل کے تین وزراء کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں اور اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ اور وزیرِ اعظم بنجامین نیتن یاہو سے بھی ملاقات کی۔ وزیرِ معیشت و صنعت نیر بارکات کے ساتھ ملاقات میں آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر پیش رفت پر بات ہوئی۔ ایک اہم پیش رفت ہند ۔ اسرائیل فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے لیے دستخط تھے، جو متوازن اور دو طرفہ مفاد پر مبنی مذاکرات کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔ وزیرِ خزانہ بیزالیل سموٹریچ سے ملاقات میں انفراسٹرکچر، مائننگ، اور اسرائیل میں ہندوستانی کارکنوں کے مواقع پرگفتگو ہوئی، جبکہ وزیرِ زراعت آوی ڈِخٹر کے ساتھ بات چیت میں اسرائیل کی طویل المدتی فوڈ سکیورٹی حکمتِ عملی، بیجوں کی بہتری کی ٹیکنالوجی اور زرعی پانی کے دوبارہ استعمال کے شعبے میں اسرائیلی ماڈلز پر بات ہوئی۔ گوئل نے ہند ۔اسرائیل بزنس فورم اور سی ای اوز فورم میں بھی شرکت کی، جس میں دونوں ممالک کی صنعت سے بھرپور شرکت ہوئی۔ اس موقع پر250 سے زائد بی ٹو بی ملاقاتیں ہوئیں۔ اپنے خطاب میں وزیر نے ٹیکنالوجی، ایگری ٹیک، واٹر ٹیک، دفاع، سائنس و ٹیکنالوجی، فِن ٹیک، مصنوعی ذہانت، کوانٹم کمپیوٹنگ، دواسازی اور خلائی شعبے میں ہندوستانی امکانات کو اسرائیلی کاروباری اداروں کے لیے بہترین مواقع قراردیا۔ انہوں نے اسرائیل کی سرکردہ کمپنیوں، جیسے چیک پوائنٹ،آئی ڈی ای ٹیکنالوجیز، این ٹی اے، اور نیٹافِم کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں، جن کا مقصد سائبر سکیورٹی، ڈی سیلینی ایشن، ویسٹ واٹر مینجمنٹ، میٹرو و شہری نقل و حمل اور پریسڑن ایگریکلچرکے شعبوں میں تعاون بڑھانا تھا۔ گوئل نے پیرس سینٹر فار پیس اینڈ انوویشن کا دورہ بھی کیا۔