ڈھاکہ: ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو سال سے معطل مسافر ٹرین سرویس اتوار کو ایک بار پھر بحال ہو گئی۔ میتری ایکسپریس ٹرین کو ڈھاکہ سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔بنگلہ دیش کے ڈائریکٹر جنرل آف ریلویز دھیریندر ناتھ مجمدار نے ڈھاکہ کنٹونمنٹ اسٹیشن سے 170سے زائد مسافروں کو لے جانے والی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ انہوں نے ٹرین کے ڈبوں کے اندر مسافروں کا پھولوں سے استقبال کیا۔اس دوران کولکاتہ اور کھلنا کے درمیان بندھن ایکسپریس کو بھی آج کولکاتہ سے ہری جھنڈی دکھائی گئی۔ یہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجکر 45منٹ پر بیناپول ریلوے اسٹیشن پہنچا۔اس کے ساتھ ہی نیو جلپائی گوڑی اور ڈھاکہ کے درمیان شروع ہونے والی نئی ٹرین متھالی ایکسپریس ٹرین کو یکم ؍جون کو ہندوستان اور بنگلہ دیش کے وزرائے ریلوے مشترکہ طور پر ہری جھنڈی دکھائیں گے ۔