ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ریل اور سڑک رابطہ بحال کرنے پر غور

   

ڈھاکہ :ہندوستانی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر کے حالیہ دورہ بنگلہ دیش کے دوران دونوں ملکوں نے عید کے بعد سڑک اور ریل رابطوں کو بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعرات کو بنگلہ دیش اور جمعہ کو بھوٹان کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے ڈھاکہ میں بنگلہ یش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد اور اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب اے کے عبد المومن سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔بعدازاں ایک پریس کانفرنس میں ہندوستانی وزیرِ خارجہ نے کہا تھا کہ ہندوستان عید الفطر کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان ریل اور سڑک کے رابطوں کو بحال کرنے پر غور کر رہا ہے۔ کرونا وبا کی وجہ سے یہ رابطے منقطع ہو گئے تھے۔ہندوستانی وزیرِ خارجہ نے شیخ حسینہ واجد کو بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے ہند وستان کے دورہ کی دعوت بھی دی۔ تاہم ابھی اس دورے کی کوئی تاریخ مقرر نہیں ہے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ شیخ حسینہ جولائی میں ہندوستان کا دورہ کر سکتی ہیں۔