ہندوستان اور کروشیا کا آیوروید پر تعاون کرنے کا فیصلہ

   

نئی دہلی : ہندوستان اور کروشیا نے روایتی ادویات بالخصوص آیوروید کے شعبہ میں تحقیق میں تعاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت آیوش نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ کروشیا کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان ہندوستان کے روایتی نظام طب خصوصا آیوروید کے شعبہ میں اکیڈمک تعاون کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔اس معاہدے پر مفاہمت کی یادداشت پر بدھ کو آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید (اے آئی آئی اے ) اور کروشیا کے کارنر ہیلتھ ٹورزم کلسٹر کے درمیان دستخط ہوئے ۔اے آئی آئی اے کی جانب سے ایم او یو پر دستخط ڈاکٹر منوج نیساری ، وزارت آیوش، مشیر آیوروید پرمود کمار پاٹھک ، اسپیشل سکریٹری (آیوش) اور کروشیا میں ہندوستان کے سفیر راج شریواستو کی موجودگی میں کیے گئے ۔ کروشیا کی طرف سے کلسٹر کے چیئرمین، اسسٹنٹ پروفیسر ولادیمیر موزیٹک ، کلسٹر کے مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین، ایرینا پیریسیواڈینوف اور مینجمنٹ بورڈ کے رکن ، پروفیسر سینڈرا جانکووچ ، سینڈرا مارٹنک اور اینا ماریا لیبرچ نے تقریب میں شرکت کی۔ پاٹھک کی رہنمائی میں چھ رکنی وفد نے اس ہفتہ کے شروع میں پہلی بین الاقوامی یوگا اور آیوروید کانفرنس میں شرکت کے لیے کروشیا کا دورہ کیا تھا۔دونوں فریق منتخب اداروں کے تعاون سے آیوروید کے شعبہ میں تعلیمی سرگرمیان انجام دیں گے ۔ تحقیق پر قریبی تعاون اور ہم آہنگی ہوگی بشمول مطالعہ کا ڈیزائن اور عملدرآمد ، آیورویدک اصولوں اور روایات کو جدید ادویات کے ساتھ مربوط کرنے کے لیے شواہد پر مبنی رہنما خطوط تیار کرنا ، لیکچرز ، ورک شاپ ، سیمینار اور کانفرنسوں کا اہتمام کرنا اور آیوروید پر اس طرح کی دیگر سرگرمیاں معاہدے میں شامل ہیں۔