ایڈیلیڈ۔بارش سے متاثرہ مقابلے میں ہندوستان نے بنگلہ دیش کو ڈکورتھ لوئس نظام کے تحت 5 رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات کو مستحکم کرلیاہے ۔بنگلہ دیش نے کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانے کا شاندار آغاز کیا اور ابتدائی 7 اوورس میں بغیر وکٹ کے 66 رنز بنالئے تھے لیکن اس موقع پر بارش ہوئی ۔بارش کے بعد جب کھیل شروع ہوا تو بنگلہ دیش کو کامیابی کیلئے 16 اوورس میں 151 رنز کا نشانہ دیا گیا۔بنگلہ دیش کو ارشدیب کی آخری گیند پر 7 رنز درکارتھے اور سوہان صرف ایک رن بناپائے ۔قبل ازیں ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے 44 گیندوں پر ناقابل شکست 64 رنز بنا کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہونے کے اپنے ریکارڈ کا جشن منایا، جب کہ کے ایل راہول نے 32 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیل کر ہندوستان کو بہتر شروعات فراہم کی۔ چہارشنبہکو ایڈیلیڈ اوول میں سوپر 12 کے اپنے گروپ 2 کے میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف 184/6 کا بڑا اسکور بنایا ۔ایک ایسی پچ پر جہاں بولروں کو تیز باؤنس اور سوئنگ مل رہی تھی۔ راہول اپنے اسٹروک پلے میں شاندار تھے۔ راہول نے فارم میں واپس آنے کے لیے 156.25 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے کے علاوہ اننگز میں تین چوکے اور چار چھکے لگائے۔انہوں نے کوہلی کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 37 گیندوں پر 67 رنز کی شراکت بھی کی، کوہلی نے 145.45 کے اسٹرائیک ریٹ پر آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگا کر ٹورنمنٹ میں اپنا شاندارفام جاری رکھا۔اس جوڑی کوٹی 20 درجہ بندی میں پہلے مقام پر پہنچنے والے بیٹر سوریا کمار یادیو کا بھی ساتھ ملا جیسا کہ انہوں نے 16گیندوں پر30 رنز بنائے جبکہ روی چندرن اشون کی ناٹ آؤٹ 13 رنز بھی اہم رول ادا کیا ۔