ہندوستان ‘بحر ہند کے ممالک کو ہتھیار سسٹم فراہم کرنے تیار

,

   

علاقہ کے ممالک کا باہمی تعاون و اشتراک انتہائی اہمیت کا حامل : راج ناتھ سنگھ کا خطاب
بنگلورو ۔ ہندوستان مختلف ہتھیاروں کے نظام بشمول میزائیل و الیکٹرانک جنگی نظام بحرہ ہند کے علاقہ کے ممالک کو سربراہ کرنے کیلئے تیار ہے ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج یہ بات بتائی ۔ آئی او آر ڈیفنس منسٹرس کانکلیو میں یہاں کلیدی خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بحرہ ہند کے علاقہ کے وزرائے دفاع کا اجلاس منعقد کرنا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ہندوستان سارے علاقہ کے ممالک کی یکساں ترقی ‘ استحکام اور تعمیری مصروفیات کو کتنی اہمیت دیتا ہے ۔ وزرائے دفاع کا یہ اجلاس ایک بین الاقوامی تقریب ’ ایرو انڈیا ۔ 2021 ‘‘ کے موقع پر منعقد کیا گیا ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہماری یہ کوششیں ہیں کہ وسائل کو مجتمع کیا جائے اور بحیرہ ہند کے علاقہ کے ممالک کی یکساں ترقی اور استحکام میں سرگرم رول ادا کیا جائے ۔ ہندوستان چاہتا ہے کہ ان ممالک کے مابین دفاعی صنعتی تعاون اور اشتراک کو تقویت حاصل ہوسکے ۔ وزیر دفاع ہند نے کہا کہ بحیرہ ہند علاقہ کے کئی ممالک عالمی سطح پر مسابقتی موقف اختیار کرتے جا رہے ہیں اور یہ نئی ٹکنالوجیز تیار کر رہے ہیں جن میں دفاعی شپ یارڈ اور جہاز سازی کے ڈیزائین وغیرہ بھی شامل ہیں۔ اگر ان کو مشترکہ طور پر فروغ دیا جائے اور علاقائی تعاون کی کوششیں کی جائیں تو اس کے نتائج کو مزید موثر اور ثمر آور بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ایرو اسپیس اور دفاع کی صنعتیں ایک پرکشش اور اہمیت کا حامل موقع بیرونی کمپنیوں کو فراہم کرتی ہیں کہ سپلائی کے معاملہ میں ان سے تعاون و اشتراک کو نئی بلندیوں تک پہونچایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان بحیرہ ہند کے ممالک کو مختلف طرز کے میزائیل سسٹم ‘ ہلکے لڑاکا طیارے اور ہیلی کاپٹرس ‘ جنگی جہاز اور پٹرولنگ کرنے والے جہاز ‘ آرٹیلری گن سسٹم ‘ توپ اور دبابے ‘ راڈار ‘ فوجی گاڑیاں ‘ الیکٹرانک جنگی ساز و سامان اور دوسرے ہتھیار بھی فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ۔ واضح رہے کہ بنگلورو میں ایرو انڈیا 2021 کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے اور اس موقع پر ہندوستان کی جانب سے بحیرہ ہند کے علاقہ کے ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ علاقہ کے مختلف ممالک ایرو انڈیا 2021 کا مشاہدہ بھی کر رہے ہیں۔