سڈنی ۔آسٹریلیا میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں ہندوستان نے نیدرلینڈزکو 56 رنز سے شکست دی ہے اور متواتر دوسرے مقابلے میں دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ہندوستان کی طرف سے دیے گئے 180 رنزکے ہدف کے جواب میں نیدرلینڈز کی بیٹنگ بری طرح ناکام رہی اور نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 123 رنز بنائے۔ نیدرلینڈز کی جانب سے ٹِم پرنگل نے20 جبکہ بیس ڈی لیڈے اور میکس او ڈاؤڈ نے فی کس16رنز بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے بھونیشورکمار، ارشدیب سنگھ، اکشر پٹیل، روی چندرن اشون نے فی کس دو جبکہ محمد سمیع نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس کامیابی کے بعد گروپ ٹو میں ہندوستان کا موقف مزید مستحکم ہوگیا ہے اور وہ لگاتار دو میچ جیتنے کے بعد چار نشانات کے ساتھ گروپ میں پہلے نمبر پرپہنچ گیاہے۔ہندوستانی ٹیم اپنا اگلا میچ 30 اکتوبر اتوارکو پرتھ میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔ قبل ازیں ویرات کوہلی ناٹ آؤٹ 62 ،کپتان روہت شرما 53 اور سوریاکمار یادو ناٹ آؤٹ 51 رنز کی نصف سنچری اننگز کی بدولت آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ2022 کے سوپر12 میچ میں جمعرات کو نیدرلینڈ کے سامنے180 رنوں کا ہدف رکھا۔ ہندوستان نے گروپ2 میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سست آغاز کیا۔ اوپنر لوکیش راہول نو رن کے اسکور پرایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ روہت نے بھی کچھ دیر جدوجہد کی لیکن آٹھویں اوور میں انہوں نے لوگن وین بیک کو چھکا لگا کر اپنے ہاتھ کھولے ۔روہت اور کوہلی نے دوسرے وکٹ کے لیے73 رنوں کی شراکت داری کی۔ روہت نے آؤٹ ہونے سے پہلے39 گیندوں میں چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے53 رنز بنائے ۔ ان کا وکٹ گرنے کے بعد کوہلی نے سوریاکمار کے ساتھ95 رنز کی دھماکہ خیز شراکت داری کرکے ہندوستان کو20 اوورز میں179/5 تک پہنچایا۔کوہلی نے ٹورنمنٹ میں مسلسل دوسری نصف سنچری اسکورکرتے ہوئے44 گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے62 رنز بنائے ، جبکہ سوریاکمار نے 25 گیندوں پر سات چوکے اور ایک چھکا لگاکر51 رنوں کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی جبکہ انہوں نے اننگز کی آخری گیند پر چھکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔