ہندوستان سے خصوصی طیارہ کے ذریعہ 120 قازقستانی شہری وطن واپس

   

قازقستان میں ہندوستانی سفارت خانہ میں کئی ہندوستانیوں کیلئے قیام و طعام کا انتظام، اعزازی قونصل جنرل ناصرعلی خان کا بیان

حیدرآباد 5 اپریل (پریس نوٹ) قازقستان کے 120 شہریوں کی ہندوستان کے مختلف شہروں سے خصوصی طیارہ کے ذریعہ ان کے ملک کو واپسی عمل میں آئی۔ ان میں سے پانچ کا تعلق آندھراپردیش اور ایک کا تعلق کرناٹک سے تھا۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے اعزازی قونصل جنرل قازقستان نواب ناصر علی خان نے ہندوستان میں قازقستانی سفیر اریقان علیم بایوخ کی خواہش پر ان قازقستانی شہریوں کی واپسی میں اہم رول ادا کیا۔ نواب میر ناصر علی خان نے بتایا کہ 120 قازقستانی شہریوں کو پہلے زمینی راستے سے گوا پہنچایا گیا جہاں سے اُنھوں نے اپنے وطن کے لئے پرواز کی۔ نواب ناصر علی خان نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے تعاون و ہمدردانہ رویہ کے لئے اظہار تشکر کیا۔ اُنھوں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس آندھراپردیش گوتم سوانگ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ اُنھوں نے ان غیر ملکی شہریوں کو گوا کے ایرپورٹ تک پہنچانے کے لئے غیر معمولی انتظامات کئے۔ حکومت قازقستان نے ایک خضوصی طیارہ کا انتظام کیا تھا تاکہ ہندوستان کے مختلف شہروں برنداون، ممبئی، تروندارم، کوچی، دوارکا، سکم اور مغربی بنگال میں پھنسے ہوئے قازقستانیوں کو وطن واپس لایا جاسکے۔ یہ غیر ملکی شہری ہندوستان میں تجارت اور سیاحت کی غرض سے ہندوستان آئے ہوئے تھے۔ نواب ناصر علی خان نے بتایا کہ ہندوستان اور قازقستان میں صدیوں قدیم تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان کئی تہذیبی اقدار، روایات اور رسومات مشترکہ ہیں۔ حتیٰ کہ پکوان بھی ملتے جلتے ہیں۔ دونوں ممالک کی زبانوں میں پانچ ہزار سے زائد الفاظ مشترک ہیں۔ ہندوستان کے بیشتر شاہی خاندانوں کے افراد کا تعلق وسط ایشیاء کے ممالک سے ہے جن میں قازقستان بھی شامل ہے۔ ہر سال ہزاروں کی تعداد میں قازقستانی، ہندوستان آتے ہیں اور تعلیمی تعاون تبادلہ پروگرام کے تحت ہر سال 10 ہزار طلبہ ہندوستان آتے ہیں۔ ان میں سے بیشتر میڈیکل ایجوکیشن حاصل کرتے ہیں۔ نواب ناصر علی خان نے بتایا کہ کئی ہندوستانی کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے قازقستان میں پھنسے ہوئے ہیں۔ انھیں وہاں کی ہندوستانی سفارت خانہ میں قیام و طعام کی سہولتیں فراہم کی ہیں۔ نواب ناصر علی خان نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہند ۔ قازقستان تجارت متاثر ہوئی ہے۔ قازقستان سے ہندوستان کو یورانیم اور خام تیل سربراہ کیا جاتا ہے۔ قازقستان میں کئی ہندوستانی کمپنیاں قائم ہیں جن میں ڈاکٹر ریڈیز اور ہیٹرو ڈرگس قابل ذکر ہیں۔