نئی دہلی: کابینہ نے اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے کنونشن (یو این ایف سی سی سی) سے رابطہ کرنے کیلئے ہندوستان کے قومی سطح پر طے شدہ اپ ڈیٹ کنٹریبیوشن (این ڈی سی) کے مسودے کو منظوری دے دی ہے ۔وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ کے چہارشنبہ کو اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آب و ہوا کو متاثر کرنے والی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کے بارے میں ہندوستان کی تازہ ترین این ڈی سی پیرس میں طے پانے والے معاہدے کے مطابق بین الاقوامی کوششوں میں ہندوستان کے تعاون کو بڑھانے کی کوشش ہے ۔بیان میں کہا گیاکہ یہ قدم ہندوستان کو کم اخراج والی اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد کرے گا۔ یہ یو این ایف سی سی سی کے اصولوں اور دفعات پر مبنی ملک کے مفادات اور ہندوستان کی مستقبل کی ترقی کی ضروریات کا تحفظ کرے گا۔ ہندوستان نے برطانیہ کے گلاسگو میں یو این ایف سی سی سی اراکین کی کانفرنس-سی او پی۔26 میں دنیا کو پانچ امرت عناصر (پنچامرت) کی تجویز دے کر موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اپنی کارروائی کو تیز کرنے کے اپنے ارادے کا اظہار کیا تھا۔ہندوستان کی طرف سے قومی سطح پر طے کیا گیا یہ نیا عہد گلاسگو میں اعلان کردہ’پنچامرت‘ کے مطابق ہے جس میں ہندوستان کے موسمیاتی تبدیلی کے اہداف کو بلند کیا گیا ہے۔