نئی دہلی: اسٹیل کے مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے منگل کو کہا کہ ہندوستان میں اسٹیل کا پروڈکشن 2030 تک 300 ملین ٹن تک ہوجائے گا اور ملک ایک بڑے درآمد کارسے بڑا برآمد کا بننے کی جانب گامزن ہے ۔فکی کی جانب سے ہندوستانی معدنی اور دھاتی صنعت کے ‘ٹرانزیشن 2030 اینڈ ویژن 2047’ کے عنوان پر منعقد ایک پروگرام میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان نہ صرف ایک برآمد کرنے والا ملک ہے بلکہ یہ ایک بڑا صارف ملک بھی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک کی فی کس اسٹیل کی کھپت میں اضافہ ہوگا اور 2047 تک موجودہ عالمی اوسط 225 کلوگرام تک پہنچ جائے گی۔انہوں نے کہا ‘‘اگر آپ موجودہ عالمی فی کس اسٹیل کی کھپت 225 کلوگرام کے مقابلے میں 2013-14 کے لیے ملک میں 57.8 کلو گرام کے اعداد و شمار کو دیکھیں تو محض آٹھ سالوں میں ہماری کھپت 50 فیصد اضافے کے ساتھ78 کلوگرام تک بڑھ جائے گی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فی کس کھپت تین گنا ہو جائے گی اور 2047 تک عالمی اوسط 225 کلوگرام تک پہنچ جائے گی۔