ہندوستان میں سونے کے کاروبار کو بی آئی ایس ہال مارکنگ کے ذریعہ فروغ

   

حیدرآباد ۔ 4 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : سونے کے زیورات کے لیے ہال مارکنگ کی اپنی اہمیت ہوتی ہے اور 2001 ء میں اس کی ابتداء کے بعد یہ ایک رضاکارانہ عمل بن چکا ہے ۔ اب حکومت ہند نے یکم جنوری 2020 سے BIS ہال مارکنگ برائے طلائی زیورات کو ملک گیر پیمانے پر لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس کے بعد سونے کی صنعت میں یکسانیت کا بول بالا ہوگا ۔ جس سے گاہکوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا کیوں کہ زیورات چاہے جہاں سے بھی خریدے جائیں گاہکوں کو BIS ہال مارک والے زیورات ملیں گے ۔ اس طرح اب اس صنعت میں شفافیت اور جوابدہی بھی شامل ہوجائے گی جس سے گاہکوں کو دھوکہ دہی سے بھی نجات ملے گی ۔ مذکورہ ہال مارک کے ذریعہ ناقص معیار کے زیورات بازار میں دستیاب ہی نہیں رہیں گے لہذا گاہکوں کو بہترین اور معیاری زیورات خریدنے کا موقع ملے گا جس سے گاہکوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا ۔ یاد رہے کہ ہر گاہک کا یہ حق ہے کہ ہال مارک والے زیورات کا مطالبہ کرے ۔ جب لوگ لاکھوں روپئے خرچ کرتے ہیںتو اس کے عوض ایسی اشیاء چاہتے ہیں جن پر انہیں پورا بھروسہ ہو ۔ ہال مارکنگ کے ذریعہ جویلری کے منظم کاروبار میں پائے جانے والے نقائص کو بھی دور کیا جائے گا ۔ زیورات کے معیار کو پرکھنے کے لیے ان کی ہال مارکنگ کی جاتی ہے اور گاہکوں کے علاوہ خود شوروم کی یہ ذمہ داری ہونی چاہئے کہ وہ ہال مارکنگ کاخصوصی خیال رکھیں جو گاہک سونے کے زیورات خریدنے کے عادی ہوتے ہیں وہ ہال مارک کے بارے میں ضرور سوال کرتے ہیں اور اطمینان ہوجانے کے بعد ہی خریدی کرتے ہیں ۔ اس طرح BIS ہال مارک کے بعد سونے کے کاروبار میں غیر منظم معاملتوں کا خاتمہ ہوجائیگا اور گاہکوں کا اعتماد بھی بحال ہوگا ۔۔