ہندوستان میں فلسطین کے سفیر کی سی پی آئی کے قومی قائدین سے ملاقات

   

غزہ میں فلسطینیوں کی جدوجہد اور اسرائیلی مظالم پر بات چیت
حیدرآباد:22 اکٹوبر ( سیاست نیوز) ہندوستان میں فلسطین کے سفیر ہزایکسیلنسی عبداللہ محمد ابو شاویش نے نئی دہلی میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ہیڈ کوارٹر پہنچ کر سی پی آئی قائدین سے ملاقات کی ۔ انہوں نے فلسطینی عوام کی جدوجہد کو سی پی آئی کی تائید پر اظہار تشکر کیا ۔ فلسطین کے سفیر نے سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری کامریڈ ڈی راجہ سے تفصیلی بات چیت کی ۔ اس موقع پر سی پی آئی کے قومی سکریٹریز کامریڈ ڈاکٹر کانگو ، کامریڈ رام کرشنا پانڈا کے علاوہ آل انڈیا یوتھ فیڈریشن کے قومی سکریٹری ڈاکٹر سید ولی اللہ قادری موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران فلسطین اور خاص طور پر غزہ کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ فلسطینی سفیر نے غزہ میں فلسطینی عوام کی جدوجہد کی تفصیلات پیش کی اور اسرائیلی مظالم کا حوالہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام آزادی کا اپنا حق حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے ہندوستان اور دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ فلسطین کیساتھ اظہار یگانگت کی تحریک کو مستحکم کرنے پر زور دیا ۔ سی پی آئی قائدین نے واضح کیا کہ اُن کی پارٹی ہمیشہ فلسطینیوں کی حمایت میں کھڑی رہی ہے ۔ ہندوستان بنیادی طور پر فلسطینی عوام کی جدوجہد کے ساتھ رہا ہے ۔ سی پی آئی قائدین نے نہتے فلسطینیوں پر غزہ میں اسرائیلی فوج کے مظالم کی مذمت کی ۔ 1/S/m/b